وفاقی اور پنجاب حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو گئیں: آصف زرداری

وفاقی اور پنجاب حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو گئیں: آصف زرداری

لاہور: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وفاقی اور پنجاب حکومت ہر محاذ پر ناکام ہو چکیں اور تمام وعدے جھوٹے   نکلے، 2018 پیپلز پارٹی کا سال ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی واحد پارٹی ہے، جو نوجوانوں کے بہترین مستقبل کی سوچ رکھتی ہے۔

یہ بات انہوں نے صوبہ خیبر پختونخوا میں پارٹی کے صوبائی صدر ہمایوں خان کی رہائشگاہ پر سابق گورنر پنجاب اور جنوبی پنجاب پارٹی کے صوبائی صدر مخدوم سید احمد محمود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔زرداری نے کہا کہ ملک کو اس وقت کافی مشکلات درپیش ہیں۔ ہم پاکستان کو دوبارہ کھڑا کریں گے۔ جعلی مینڈیٹ سے اقتدار میں آنے والا خود کرپشن پر تاحیات نا اہل ہو چکا ہے۔ لوٹ مار کرنے والوں کے لیے 2018 کا الیکشن یوم احتساب ہو گا۔ انہوں نے پارٹی کی صوبائی تنظیموں کے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ اپنی اپنی صوبائی تنظیموں سمیت ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ تنظیموں کے ساتھ ساتھ ذیلی تنظیموں کی تنظیم سازی جلد از جلد مکمل کریں اور ناراض کارکنوں سے رابطے کر کے انہیں پارٹی میں دوبارہ واپس لائیں۔

دریں اثنا آصف علی زرداری سے ساہیوال سے پی ٹی آئی کے حلقہ این اے 145 کے ٹکٹ ہولڈر اور ساہیوال ڈویژن کے ریجنل آرگنائزر سید علی حسنین نقوی اور پیر آف مانکی شریف پیر نبی امین نے ملاقات کر کے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔بعد ازاں سابق صدر آصف علی زرداری کے زیر صدارت پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخوا کے اہم اجلاس میں حلقہ این اے 4 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی طرف سے اسد گلزار خان کو پارٹی ٹکٹ کے لئے نامزد کیا گیا۔