'حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں'

'حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں'
کیپشن: کربلا میں حق و باطل کا معرکہ مسلمانوں کو ظلم اور بربریت کے خلاف جہاد کا درس دیتا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یوم عاشور پر اپنے پیغام میں کہا واقعہ کربلا صبر و تحمل، رواداری، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے۔  شہدائے کربلاؓ کی عظیم قربانی نے اسلام کے آفاقی اصولوں صبر، برداشت اور قربانی کو تاقیامت زندہ کر دیا۔ کربلا میں حق و باطل کا معرکہ مسلمانوں کو ظلم اور بربریت کے خلاف جہاد کا درس دیتا ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثاروں نے جانوں کا نذرانہ دے کر باطل کے سامنے نہ جھکنے کا درس دیا۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی لازوال قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں، شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو مشعل راہ بنا کر پاکستان کو امن کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔

عثمان بزدار نے مزید کہا کہ نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین ؓ نے اپنے کردار اور عمل سے حق کی آوازبلند کرنا اور انسانی اقدار کا تحفظ سکھایا۔ پرامن معاشرے کے لیے حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات اور افکار پر عمل پیرا ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ معاشرے میں ایثار، اخوت، برداشت کے جذبات کو فروغ دینا وقت کی ضرورت ہے اور حضرت امام حسینؓ کی جدوجہد ظلم کے خلاف سینہ سپر ہونے کا ابدی پیغام ہے۔