حوثی باغیوں کا سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملے روکنے کا اعلان

حوثی باغیوں کا سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملے روکنے کا اعلان
امید ہے سعودی عرب ان کی اس خیر سگالی کا مثبت جواب دے گا، مہدی المشاط۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ عرب میڈیا

صنعا: غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یمن کے حوثی باغیوں نے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملے روکنے کا اعلان کر دیا۔ حملے بند کرنے کا اعلان سربراہ حوثی سیاسی کونسل مہدی المشاط نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ سعودی عرب پر اب ڈرون، بیلسٹک میزائل و دیگر ہتھیار نہیں چلائیں گے۔


حوثی سربراہ مہدی المشاط نے امید ظاہر کی کہ سعودی عرب ان کی اس خیر سگالی کا مثبت جواب دے گا اور اگر ان کے اس اقدام پر مثبت ردعمل نہ آیا تو جواب دینے کا حق رکھتے ہیں۔

حوثی رہنما کا کہنا تھا کہ یمن جنگ کے تسلسل سے کسی بھی فریق کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔ جنگ کا تسلسل خطرناک پیشرفت کا باعث بن سکتا ہے تاہم جنگ بندی کا بڑا مقصد جانوں کا تحفظ اور عام معافی حاصل کرنا ہے۔

مہدی المشاط نے کہا کہ امن کی کوشش کا مقصد سنجیدہ مذاکرات سے قومی مفاہمت کا حصول ہے جبکہ کسی فریق کو قومی مفاہمی عمل سے باہر نہ رکھا جائے اور صنعا ایئرپورٹ کو کھولا اور الحدیدہ بندرگاہ تک رسائی دی جائے۔

دوسری جانب سعودی فوجی اتحاد نے حوثیوں کے اس اعلان پر فوری ردعمل سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں خانہ جنگی سے ہزاروں افراد ہلاک جب کہ لاکھوں قحط کا شکار ہیں۔