پسندیدہ شخصیات میں ملالہ نے عمران خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

پسندیدہ شخصیات میں ملالہ نے عمران خان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
پسندیدہ شخصیات میں پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو 17 واں نمبر دیا گیا ہے۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: عالمی انڈیکس رپورٹ کے مطابق دنیا بھر کی متاثر کن خواتین میں ملالہ یوسف زئی کا چھٹا نمبر ہے جب کہ متاثر کن مردوں میں پاکستانی وزیراعظم عمران خان 17 ویں نمبر پر آتے ہیں۔


عالمی انڈیکس رپورٹ کے مطابق مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس دنیا کے سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے شخص ہیں جب کہ سابق امریکی صدر باراک اوباما دوسرے اور ہانگ کانگ سے تعلق رکھنے والے معروف ہالی ووڈ اداکار جیکی چن اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔

فہرست میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو چھٹا، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو 14 واں اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو 17 واں نمبر دیا گیا ہے۔ ترک وزیراعظم رجب طیب اردوان 19 ویں نمبر پر سب سے زیادہ پسند کیے جانے والے شخص ہیں۔

خواتین کی عالمی رینکنگ میں نوبیل کا امن انعام حاصل کرنے والی پاکستان کی ملالہ یوسفزئی کو چھٹا نمبر دیا گیا ہے جب کہ امریکا کی سابق خاتون اول مشعل اوباما پہلے، مشہور امریکی ٹی وی میزبان اوپرا ونفرے دوسرے، انجلینا جولی تیسرے اور ملکہ برطانیہ چوتھے نمبر پر ہیں۔

سب سے زیاد پسندیدہ خواتین کی فہرست میں معروف برطانوی اداکارہ ایما واٹسن پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔

عالمی انڈیکس رپورٹ کے مطابق دنیا کے خوشحال ممالک کی فہرست میں فن لینڈ، ڈنمارک اور ناروے کا بالترتیب پہلا، دوسرا اور تیسرا نمبر ہے جب کہ اس فہرست میں پاکستان کو 67 واں نمبر دیا گیا ہے جو بھارت سے 73 درجے اوپر ہے۔ اس فہرست میں بھارت 140 ویں نمبر پر ہے۔

تحقیق کے حوالے سے اعلیٰ اور معیاری ادارے رکھنے والے ممالک میں امریکا، چین اور فرانس بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں جب کہ پاکستان 41 ویں نمبر پر ہے۔

دنیا کے سستے ترین شہروں میں وینزویلا کا دارالحکومت کراکس پہلے، شامی دارالحکومت دمشق دوسرے اور ازبکستان کا دارالحکومت تاشقند تیسرے نمبر پر موجود ہے۔ دنیا کے سستے ترین شہروں میں کراچی کو چھٹا نمبر دیا گیا ہے۔