وزیراعظم کا یو این اسمبلی میں خطاب اہمیت کا حامل ہے ، فردوس عاشق اعوان

 وزیراعظم کا یو این اسمبلی میں خطاب اہمیت کا حامل ہے ، فردوس عاشق اعوان
کیپشن: Image Source: File Photo

سیالکوٹ:  فردوس عاشق اعوان نے کہا  ہے کہ  بھارت کا سلامتی کونسل کا رکن بننے کا  خواب کبھی پورانہیں ہوگا۔

تفصیلات کے مطابق ، معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں پریس کانفرنس  کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی حکومت کو کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے ، وزیر اعظم نے کہا کہ  مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی کی جارہی ہے۔

 

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اقوام متحدہ کمزور کی داد رسی کے لیے بنایا گیا تھا لیکن وہ کشمیریوں کو بنیادی ، انسانی، جمہوری اورآئینی حقوق دینے میں کردار ادا نہیں کررہا، کشمیر میں بد ترین صورتحال برقرار ہے تاہم جب تک بھارت اپنی قید میں محصور کیے ہوئے کشمیریوں کا  محاصرہ ختم نہیں کرتا  تب تک پاکستانی حکومت کوئی مذاکرات نہیں کرے گی۔

معاون خصوصی نے کہا کہ مودی نے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مانگی تھی، وزیراعظم نے مودی کی مذمت کی اور درخواست کو مستر د کر دیا ۔  کشمیرسے کرفیو ہٹانے تک بھارت سے کوئی بات نہیں ہوسکتی جب کہ پاکستان طیارے گرا کر ہندوستان کو اپنی طاقت دکھا چکا ہے۔

 

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ مقبوضہ کشمیرمیں محصور کشمیری اس اجلاس سے متعلق بہت توقعات رکھے ہوئے ہیں، وزیراعظم یو این اسمبلی کا اجلاس اس لیے اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پوری دنیا کی نظریں مرکوز ہیں، وزیراعظم جنرل اسمبلی میں دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑیں گے۔