کورونا کیساتھ ڈینگی وائرس کا معاملہ بھی زور پکڑ رہا ہے: یاسمین راشد

Dengue virus, corona, NCOC, Yasmin Rashid, PTI government

لاہور: وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ اب کورونا کے ساتھ ڈینگی وائرس کا معاملہ بھی زور پکڑ رہا ہے ۔ ڈینگی کا مچھر تیز گرمی میں ختم ہو جاتا ہے ۔ اس بار موسم کی تبدیلی کے باعث کیسز میں اضافہ شروع ہوا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ ڈینگی کے حوالے سے میٹنگز کی ہیں ۔ لاہور میں اس وقت کیسز زیادہ ہورہے ہیں ۔ راولپنڈی میں ڈینگی کے 49 مریض ہولی فیملی میں داخل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو بخار ہو رہا ہے جو کم نہیں ہو رہا تو فوری قریبی ہسپتال سے ٹیسٹ کرائیں ، حکومت نے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی ٹیسٹ کی سہولت رکھی ہے ۔

وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ عوام کھلے برتن میں پانی نہ چھوڑیں اور گھروں میں کہیں بھی پانی کھڑا نہ ہونے دیں اس سے ڈینگی پھیلنے کا خدشہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کیسز میں اب بہت زیادہ کمی ہوچکی ہے ۔ کورونا سے بچاؤ کیلئے پنجاب کے تمام شہروں میں ویکسی نیشن ہو رہی ہے ۔ جن لوگوں کو ویکسین لگ چکی ہے ، انہیں انفیکشن کا کم امکان ہوتا ہے ۔

یاسمین راشد نے کہا کہ پنجاب میں اب تک 5 کروڑ افراد کو پہلی ویکسین لگ چکی ہے ۔ 5 سے 6 لاکھ افراد کو روزانہ ویکسین لگ رہی ہے ۔ کوشش ہے اس سال کے آخر تک 70 سے 80 فیصد لوگوں کی ویکسین کرسکیں ۔ 15 سے 18 سال کے بچوں کی ویکسی نیشن انتہائی ضروری ہے ۔ بچوں کو حکومت فائزر ویکسین لگا رہی ہے ، اس لئے لازمی ویکسین کرائیں ۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں عوام کو ہیلتھ کارڈ دینے کا کام جاری ہے ۔ دسمبر تک ان لوگوں کو ہیلتھ کارڈ ملیں گے جن کے پاس شناختی کارڈ ہوں گے ۔ جن لوگوں کے پاس شناختی کارڈ نہیں ہوگا انہیں صحت کارڈ ملنا مشکل ہوگا ۔

وزیر صحت نے کہا کہ ملک سے جلد پولیو کو ختم کر دیں گے ، پنجاب بھر سے ابھی تک ایک بھی پولیو کا کیس رجسٹرڈ نہیں ہوا ۔ جن علاقوں میں پہلے پولیو کے بہت سے کیسز ہوتے تھے وہاں اب کوئی کیس نہیں ہے ۔