کراچی کے ایک ہفتے میں دوسرے دورے کا مقصد سی پیک کانفرنس کا یہاں ہونا ہے:شہباز شریف

کراچی کے ایک ہفتے میں دوسرے دورے کا مقصد سی پیک کانفرنس کا یہاں ہونا ہے:شہباز شریف
کیپشن: سکرین شاٹ

کراچی :پاکستان مسلم ن کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک ہفتے میں دوسرے دورے کا مقصد سی پیک کانفرنس کا یہاں ہونا ہے،کراچی گیٹ وے آف پاکستان ہے،میں یہاں سیاسی پوائنٹ سکورنگ کرنے نہیں آیا،ہمیں ہر صورت امن قائم رکھنا اور دوستی بڑھانا ہے ۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایم کیو ایم کے بہادر آفس آمد اور خالد مقبول صدیقی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میاں شہباز شریف نے کہا کہ میں نے ان ساتھیوں کوکہا کہ میں سیاسی ایجنڈا لیکر نہیں آیا،2013میں نوازشریف نے فیصلہ کیا کہ کراچی کی روشنیاں بحال کی جائیں،آج کراچی کا امن واپس لوٹ آیا ہے،80فیصد بھتہ خوری ختم ہوگئی،معاشی انصاف اور امن آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔

ن لیگ کے صدر کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کے حالیہ بحران میں کراچی الیکٹرک سپلائی کارپوریشن کا قصور ہے،رمضان کے دوران کراچی کو پوری بجلی ملنی چاہیے،اس شہر کو نہ جانے کس کی نظر لگ گئی۔

اس موقع پرایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف کو ایم کیو ایم مرکز بہادر آباد میں خوش آمدید کہتے ہیں،سندھ میں مصنوعی اکثریت رکھنے والی حکومت مسلط ہے،شہبازشریف کو بتایا اڑھائی سے3 کروڑ آبادی والے شہر کی آبادی کوکم دکھایا گیا،امن انصاف کی ضمانت نہیں دے سکتا تاہم انصاف امن کی ضمانت دے سکتا ہے،ہم نے انہیں کہا کراچی کو اپنا شہر سمجھتے ہوئے کراچی کو سپورٹ کریں۔