شاداب خان ہیپاٹائٹس کا شکار،دورہ انگلینڈ سے باہر،ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک

شاداب خان ہیپاٹائٹس کا شکار،دورہ انگلینڈ سے باہر،ورلڈ کپ میں شرکت مشکوک
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کو دورہ انگلینڈ اورورلڈ کپ سے قبل بڑا جھٹکا لگ گیا اور آل راﺅنڈر شاداب خان ہیپا ٹائٹس کا شکار ہوکر دورہ انگلینڈ سے باہر ہوگئے جبکہ ان کی ورلڈ کپ میں بھی شرکت مشکو ک ہوگئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق دورہ انگلینڈ کیلئے شاداب خان کی جگہ یاسر شاہ کو کھلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔شاداب خان کا میڈیکل ٹیسٹ مثبت آنے پر ٹیم سے باہر کیا گیا ہے۔ یاسر شاہ نے 24 ون ڈے میچز میں 23 وکٹیں لی ہیں۔

قبل ازیں کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ایک مختصر کانفرنس میں بتایا کہ شاداب خان کے بلڈ ٹیسٹ میں ہیپاٹائٹس وائرس آیا اور انہیں ایک ماہ مکمل آرام کا مشورہ دیا گیا ہے۔چیف سلیکٹر نے بتایا کہ شاداب خان کو ورلڈ کپ سکواڈ میں ڈاکٹر کی مشاورت کے بعد رکھا جائے گا۔ انضمام الحق کا کہنا تھا کہ شاداب کی جگہ ورلڈ کپ میں محمد عامر یا آصف علی کو موقع دیا جاسکتا ہے تاہم فی الحال متبادل کھلاڑی کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔

یا درہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 23 اپریل دورہ انگلینڈ کیلئے روانہ ہوگی اور شاداب خان کو اس دورے کیلئے منتخب کیا گیا تھا۔ انضمام الحق نے بتایا کہ شاداب خان کا علاج انگلینڈ میں جاری رہے گا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران چیف سلیکٹر نے بتایا کہ شاداب خان ورلڈکپ سے قبل انگلینڈ کیخلاف سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے لیکن امید ہے کہ ورلڈکپ کے میگا ایونٹ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔