ہمارے سب کھلاڑی ٹرمپ کارڈ ہیں،سرفراز احمد

ہمارے سب کھلاڑی ٹرمپ کارڈ ہیں،سرفراز احمد

لاہور: قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا کہ ہمارے سب کھلاڑی ٹرمپ کارڈ ہیں، ہمارے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی ٹیم کو ہراسکتے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد نے لاہور میں مشترکہ پریس کانفرنس کی ہے۔ مکی آرتھر نے کہا کہ ہمارے پاس باﺅلنگ میں ورائٹی ہے۔

پاکستان کی ٹیم میں لفٹ آرم ، رائٹ آرم، رسٹ سپنر اور آف بریک باﺅلر بھی موجود ہیں۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ بابر اعظم ہمارا بہترین بیٹسمین ہے اگر وہ لگاتار سنچری کرتا رہا تو پاکستان کے پاس بہت اچھا چانس ہے جیتنے کا لیکن ٹیم صرف ایک کھلاڑی پر اعتبار نہیں کرسکتی، ٹیم کا دارومدار پورے 15 کھلاڑیوں پر ہوتا ہے، تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کو ملا کر اچھا کمبیشن بنتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عماد وسیم بھی فٹنس پر کام کر رہا ہے، محمد حفیط اور یاسرشاہ بھی فٹ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم بہترین حکمت عملی سے میدان میں اتریں گے اور اپنی طرف سے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔سرفراز احمد نے کہا کہ دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیم کی تیاری مکمل ہے اور تمام کھلاڑی بہتر کارکردگی دکھانے کیلئے تیار ہیں۔ کپتان نے کہا کہ ہماری ٹیم مضبوط ہے اور بھرپور تیاری سے میدان میں اتری گی۔کپتان نے کہا کہ ہم نے ماضی میں جو غلطیاں کی ہیں وہ نہیں دہرائیں گے اور ورلڈکپ میں اپنی سکت سے بڑھ کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔

سرفراز نے کہا کہ سب کی مشاورت سے ٹیم بنی ہے ہم نے ان کھلاڑیوں پر سال سے زائد عرصہ محنت کی ہے، ہمارے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی ٹیم کو ہراسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ فٹنس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہے، صرف سکواڈ میں عماد وسیم مکمل فٹ نہیں، ٹیم کمبی نیشن کے لیے عماد وسیم کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، امید ہے کہ عماد وسیم مکمل فٹ ہوجائینگے۔

سرفراز نے کہا کہ ہماری ٹیم کے تمام کھلاڑی ٹرمپ کارڈ ہیں، ہم چھ بلے باز لے کر جارہے ہیں اور میری اپنی کوشش ہوگی کہ ٹاپ 5 میں کھیلوں۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا ہمیں صرف بھارت ہی نہیں بلکہ ہر ٹیم سے میچ جیتنا ہے، پاک بھارت میچ ہمیشہ ہی سنسنی خیز ہوتا ہے، فائنل جیتنے کے بعد پاکستان ٹیم کو نفسیاتی برتری حاصل ہے قوم یہ امید رکھے کہ ہم اچھا پرفارم کر سکتے ہیں۔