سری لنکا : دہشتگردانہ حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 290 ہوگئی ، 24 مشتبہ افراد گرفتار

سری لنکا : دہشتگردانہ حملوں میں ہلاکتوں کی تعداد 290 ہوگئی ، 24 مشتبہ افراد گرفتار
کیپشن: image by facebook

کولمبو : سری لنکا میں اتوار کو مسیحی تہوار ایسٹر کے موقع پر ہونے والے دھماکوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 290 تک پہنچ گئی ہے جن میں 35 غیر ملکی بھی شامل ہیں۔

ان دھماکوں میں 500 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں اس لیے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اتوار کی صبح ہونے والے ان دھماکوں میں کولمبو سمیت تین شہروں میں تین ہوٹلوں اور تین گرجا گھروں کو نشانہ بنایا گیا۔یہ سنہ 2009 میں سری لنکا میں خانہ جنگی کے خاتمے کے بعد ملک میں دہشت گردی کی سب سے بڑی اور مہلک کارروائی ہے۔

پولیس کے مطابق ان حملوں کے بعد اب تک 24 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے لیکن سری لنکن حکومت نے تاحال ان حملوں کے لیے کسی گروپ کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا ہے اور نہ ہی کسی نے اس کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

دھماکوں کے بعد ملک بھر میں جو کرفیو نافذ کیا گیا تھا اسے پیر کی صبح چھ بجے ختم کر دیا گیا ہے تاہم کولمبو میں سکول اور بازارِ حصص بند ہیں۔

اتوار کو رات گئے سری لنکا کے وزیرِاعظم رانیل وکرماسنگھے نے کہا کہ ملک میں سکیورٹی کے ذمہ دار اداروں کو ممکنہ حملوں کے بارے میں اطلاع تھی۔

ایسی اطلاعات بھی ملی ہیں کہ ملک میں افواہوں کو روکنے کے لیے سوشل میڈیا تک رسائی بھی عارضی طور پر بند کر دی گئی ہے اور واٹس ایپ اور فیس بک کے استعمال کی سہولت اکثر افراد کو میسر نہیں۔