دوشیزہ کی بازیابی کیلئے پولیس کی کارروائی، علاقہ مکینوں کا اہلکاروں پر تشدد، سرکاری اسلحہ چھین لیا

گاؤں والوں کا پولیس اہلکاروں پر تشدد،پولیس موبائل کے شیشے توڑ دئیے

عمر کوٹ : کنری کے قریب واقعہ گاؤں کے مکینوں نے دوشیزہ کی بازیابی کیلئے پہنچنے والے پولیس اہلکاروں پر لاٹھیوں اور کلہاڑیوں سے حملہ کر دیا اور انہیں یرغمال بنا کر سرکاری اسلحہ بھی چھین لیا۔ 

تفصیلات کے مطابق پولیس نے کنری کے قریب یو سی شیر خان چانڈیو کے گاؤں پوڑھو کھوسو میں دوشیزہ کی بازیابی کیلئے چھاپہ مارا تو  گاؤں والوں نے لاٹھیوں اور کلہاڑیوں سے حملہ کرکے ایس ایچ او طفیل احمد جلالانی،سب انسپکٹر محمد بوٹا،اے ایس آئی بہادر خاصخیلی،کانسٹیبل احسان،کانسٹیبل اسد جٹ اور گن مین علی حسن کو زخمی کردیا۔ 

ذرائع کے مطابق گاؤں کے مطابق پولیس اہلکاروں کو یرغمال بنا کر ان سے سرکاری اسلحہ چھین لیا گیا جبکہ پتھراؤ کر کے پولیس موبائل کے شیشے بھی توڑ دئیے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر ضلع بھر کی پولیس طلب کر لی گئی ہے تاکہ ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ 

واضح رہے کہ کنری پولیس نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عمرکوٹ کی عدالت کے حکم پر  دوسال قبل ہالا سے اغوا ہونے والی دوشیزہ کی بازیابی کیلئے گاؤں پوڑھو کھوسو پر چھاپہ مارا تھا۔