بھارت میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ آئی سی سی کیلئے بھی چیلنج بن گیا

بھارت میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ آئی سی سی کیلئے بھی چیلنج بن گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: بھارت میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز نے انٹر نیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی تشویش میں بھی اضافہ کر دیا ہے جس کیلئے ٹی 20 ورلڈکپ کا انعقاد ایک چیلنج بن گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کو بھارت میں کوویڈ 19کے بڑھتے ہوئے کیسز پر انتہائی تشویش ہے اس لئے آئی سی سی نے بھارت میں کورونا وباءکی صورتحال کا بغور جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وہ رواں سال اکتوبر اور نومبر میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل حالات کا مکمل جائزہ لے سکے۔ 
آئی سی سی بھارت میں ٹی 20 ورلڈ کپ کے انعقاد کیلئے مکمل تسلی کرنے کی خواہشمند ہے کیونکہ عالمی گورننگ باڈی کا ماننا ہے کہ ٹیموں اور براڈ کاسٹرز سمیت دیگر متعلقہ افراد کی صحت اور حفاظت کو خطرے میں نہیں ڈالا جا سکتا۔
آئی سی سی کا وفد اگلے چند روز میں بھارت کا دورہ کرے گا لیکن وفد کیلئے موجودہ صورتحال میں بھارت جانا بھی ایک چیلنج قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ وفد میگا ایونٹ کیلئے بھارت کے 9 مجوزہ وینیوز کا جائزہ لے گا جس کے بعد آئی سی سی حتمی فیصلہ کرے گا۔