سعودی عرب کا بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان، پاکستان پر پابندی برقرار

سعودی عرب کا بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان، پاکستان پر پابندی برقرار
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

ریاض: سعودی عرب نے 17 مئی سے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے مگر پاکستان سمیت 20 ممالک کو پروازوں کو اجازت نہیں دی گئی۔ 
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب نے کورونا وائرس کے باعث معطل اپنا بین الاقوامی فضائی آپریشن 17 مئی سے بحال کرنے کا فیصلہ تو کر لیا ہے لیکن اس حوالے سے 20 ممالک پر پابندی برقرار رکھی ہے اور حکام کا کہنا ہے کہ یہ پابندی کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے برقرار رکھی گئی ہے۔ 
عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ جن 20 ممالک کو سعودی عرب میں بین الاقوامی فضائی آپریشن کی اجازت نہیں دی گئی ان میں پاکستان، متحدہ عرب امارات، امریکہ، انڈونیشیا، اٹلی، ارجنٹائن، جرمنی، آئرلینڈ، برطانیہ، سوئیڈن، برازیل، بھارت، پرتگال، ترکی، سوئٹزرلینڈ، جنوبی افریقہ، جاپان، فرانس، لبنان اور مصر شامل ہیں۔ 
عرب میڈیا کے مطابق 20 ممالک کی فہرست میں شامل ملکوں کے غیر شہری، سفارتی عملے، میڈیکل پریکٹشنرز اور ان کے اہل خانہ کو بھی 13 فروری سے سعودی عرب میں داخلے کی اجازت نہیں ہے، اس کے ایسے ممنوعہ ممالک کا سفر کرنے والے افراد پر بھی پابندی کا اطلاق ہو گا اور انہیں سعودی عرب میں داخلے کیلئے 14 دن قبل درخواست دینا ہو گی۔ 
دوسری جانب سعودی عرب میں بدھ کے روز کورونا سے 12 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 6858 ہوگئی ہے جبکہ 1,028 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد مجموعی کورونا مریضوں کی تعداد 4 لاکھ 8 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، نئے کیسز میں سے 431 کا تعلق ریاض، 220 کا مکہ، 157 کا مشرقی صوبے اور 45 کا مدینہ شہر سے ہے۔