سابق ایم این اے حنیف عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری

سابق ایم این اے حنیف عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری
کیپشن: سابق ایم این اے حنیف عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری
سورس: فائل فوٹو

راولپنڈی: عدالت نے شوکت خانم کینسر ہسپتال ہرجانہ کیس میں مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے حنیف عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

تفصیلات کے مطابق سول عدالت میں شوکت خانم کینسر ہسپتال ہرجانہ کیس کی سماعت ہوئی۔ سول جج مصباح اختر نے مسلم لیگ ن کے سابق ایم این اے حنیف عباسی کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

شوکت خانم کینسر اسپتال کی انتظامیہ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما کے خلاف ہرجانہ کیس کیا تھا جس پر ایڈیشنل سیشن جج نے مسلم لیگی رہنما کے خلاف 50 لاکھ روپے ہرجانہ کی ڈگری جاری کی تھی۔ لیگی رہنما طلبی کے باوجود عدالت پیش نہیں ہوئے جس پر سول جج نے مسلم لیگی رہنما کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرنیکا حکم دیا۔

خیال رہے کہ 2012 میں حنیف عباسی نے شوکت خانم ہسپتال پر الزامات لگائے تھے جس پر ہسپتال انتظامیہ نے حنیف عباسی کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کیا تھا۔ 

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی سمیت دیگر ملزمان پر جولائی 2012 میں 5 سو کلو گرام ایفی ڈرین حاصل کرنے کا کیس دائر کیا گیا تھا۔ مذکورہ مقدمے میں حنیف عباسی کے علاوہ غضنفر، احمد بلال، عبدالباسط، ناصر خان، سراج عباسی، نزاکت اور محسن خورشید نامی شخصیات شامل تھے۔ 

ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے حنیف عباسی سمیت دیگر ملزمان پر نائن سی ایکٹ کے تحت مقدمہ نمبر 41 درج کیا تھا۔

21 جولائی 2018 کو راولپنڈی کی انسداد منشیات عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا جبکہ دیگر 7 ملزمان کو عدم ثبوت کی بنا پر شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا تھا، اس کے علاوہ حنیف عباسی کو انتخابی سیاست کے لیے تاحیات نااہل بھی قرار دے دیا گیا تھا۔

حنیف عباسی راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے-60 سے امیدوار تھے اور فیصلے کے بعد وہ انتخابات کے لیے نااہل قرار دے دیے گئے تھے جہاں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید ان کے مدمقابل تھے۔