کورونا ویکسی نیشن، اسد عمر اور شاہد خاقان آمنے سامنے

کورونا ویکسی نیشن، اسد عمر اور شاہد خاقان آمنے سامنے
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: کورونا ویکسین کے معاملے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور وفاقی وزیر و نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر آمنے سامنے آ گئے۔ 
تفصیلات کے مطابق شاہد خاقان عباسی نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان 23 کروڑ آبادی والا دنیا کا واحد ملک ہے جس کی حکومت آج تک ویکسین کا ایک ٹیکہ خرید نہیں سکی، خیرات کی ویکسین اپنے عوام کو لگا رہا ہے اور عوام اپنے پیسے سے ویکسی نیشن کرانے پر مجبور ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کو بند کر دیں، دنیا کورونا پر قابو پا رہی ہے اور ہمارے ہاں کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں، وہ وقت دور نہیں کہ پاکستانیوں کو بیرون ملک سفر سے منع ہی کر دیا جائے۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے شاہد خاقان عباسی کے اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ شاہد خاقان عباسی سے بولیں کہ وہ دو ٹکے کی تحقیق کر لیا کریں۔ اس وقت ویکسین کیلئے اعلان کردہ شیڈول دیا ہوا ہے، اخبار پڑھ لیا کریں تو انہیں بہت کچھ پتہ لگ جائے گا۔