عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی ہائیکورٹ میں چیلنج

عمران خان کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی ہائیکورٹ میں چیلنج

اسلام آباد: تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں الیکشن کمیشن کے 16 اگست کا آرڈر چیلنج کیا گیا ہے جس میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن کو عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی سے روکا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کی اور اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ایڈوکیٹ انور منصور عدالت میں پیش ہوئے جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ فارن فنڈنگ کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر غور ہے لہذا الیکشن کمیشن کو عدالتی فیصلے تک کسی قسم کی کارروائی سے روکا جائے۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ کیا یہ مناسب نہیں ہو گا کہ آپ اس حوالے سے سپریم کورٹ سے رجوع کریں ہم اعلیٰ عدالت میں جاری کیس کے حوالے سے کوئی آرڈر کیسے جاری کر سکتے ہیں جس پر انور منصور نے کہا کہ میرا مسئلہ یہ ہے کہ تعطیلات کی وجہ سے سپریم کورٹ میں بینچ دستیاب نہیں اور الیکشن کمیشن نے عمران خان کو توہین عدالت کے نوٹس پر 7 ستمبر تک جواب کا حتمی نوٹس بھیجا ہے جب کہ فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے الیکشن کمیشن کو توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار نہیں۔ عدالت نے الیکشن کمیشن اور اکبر ایس بابر کو پیر 28 اگست کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں