پارلیمنٹ اور جمہوریت کی بات کرتے ہیں لیکن اسمبلی میں کوئی نہیں آتا، خورشید شاہ

 پارلیمنٹ اور جمہوریت کی بات کرتے ہیں لیکن اسمبلی میں کوئی نہیں آتا، خورشید شاہ

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں ارکان کی غیر حاضری پر اپوزیشن لیڈر برہم ہو گئے۔ خورشید شاہ نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ قومی اسمبلی میں کورم دیکھ کر شرم آتی ہے ہم عوام کے اعتماد کا قتل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا پاکستان کے 20 کروڑ عوام خالی کرسیاں دیکھ رہے ہیں کیونکہ الیکشن بل 2017 سب کا بل ہے اور ارکان کو پارلیمنٹ میں ہونا چاہیے تھا۔ خورشید شاہ نے کہا پارلیمنٹ بھری ہو تو کسی کی جرات نہیں آنکھ اٹھا کر دیکھے جبکہ پارلیمنٹ کو ہم نے خود کمزور کیا ہے کیونکہ 53 وزیر ہیں مگر ایوان میں کوئی بھی نہیں۔

اپوزیشن لیڈر نے کہا سکول دیر سے آتے تھے تو کرسیوں پر کھڑا ہونا پڑتا تھا اب اسپیکر صاحب غیر حاضر وزراء کو کرسیوں پر کھڑا کر دیں۔ پارلیمنٹ اور جمہوریت کی بات کرتے ہیں لیکن اسمبلی میں کوئی نہیں آتا۔

حکومتی رہنما شیخ آفتاب نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا خورشید شاہ کے تحفظات درست ہیں ہمیں اپنی ذمہ داری کا احساس خود کرنا چاہیئے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں