اسپاٹ فکسنگ کیس، خالد لطیف نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

اسپاٹ فکسنگ کیس، خالد لطیف نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا

لاہور: اسپاٹ فکسنگ میں مبینہ طور پر ملوث کرکٹر خالد لطیف نے سپریم کورٹ سے رجوع کر لیا۔ معطل کرکٹر خالد لطیف کے وکیل بدر عالم کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی جب کہ جلد سماعت کے لئے بھی درخواست کی گئی ہے۔ خالد لطیف کے وکیل کے مطابق پی سی بی کے اینٹی کرپشن ٹریبونل کی کارروائی پر اعتراض ہے جس نے غیرآئینی اور غیر قانونی سماعت کی جب کہ ٹریبونل کو تحریری جواب ارسال کر دیا گیا ہے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ اینٹی کرپشن ٹریبونل کو خالد لطیف کا تحریری جواب آج مل جائے گا اور بذریعہ ای میل بھی اطلاع کر رہے ہیں۔  یاد رہے کہ 31 مارچ کو پی سی بی کے ٹریبونل نے خالد لطیف پر باقاعدہ فرد جرم عائد کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن کوڈ کی 6 شقوں کی خلاف ورزی کی ہے۔

پی سی بی کی جانب سے ملنے والی چارج شیٹ کا وکیل کے ذریعے جواب دیتے ہوئے خالد لطیف نے میچ فکسڈ کرنے، پیسے لینے اور میچ میں سودی بازی کے الزام کو مسترد کیا البتہ بکیز سے رابطہ کرنے پر ٹیم مینجمنٹ کو آگاہ نہ کرنے کی غلطی کا اعتراف کیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں