نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست پر وفاق سے جواب طلب

نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست پر وفاق سے جواب طلب

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست پر وفاق سے جواب طلب کر لیا۔ لاہور ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم نوازشریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کی بیرسٹر اقبال چوہدری کی درخواست پر جسٹس مامون رشید نے سماعت کی۔

دوران سماعت درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ نوازشریف نااہل قرار دیئے گئے ہیں ان کا نام ای سی ایل میں شامل کرنا ضروری ہے جب کہ سپریم کورٹ کے حکم پر نیب نے نواز شریف اور بچوں کو طلب کیا جبکہ نواز شریف اور خاندان نے نیب میں پیش میں ہونے سے انکار کر دیا۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور ان کا خاندان مختلف ممالک کے ویزے رکھتا ہے خدشہ ہے کہ نیب ریفرنس پر گرفتاری سے بچنے کے لیے نواز شریف بیرون ملک چلے جائیں گے اس لیے ان کا نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔

عدالت نے درخواست گزار کے مؤقف پر وفاق، وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 اگست تک جواب طلب کر لیا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں