دو چینی کھلاڑیوں کو "پی ایس ایل ڈرافٹنگ" میں شامل کر لیا گیا

دو چینی کھلاڑیوں کو

لاہور: پی ایس ایل کی دکان میں چینی مال کو بھی جگہ مل گئی کیونکہ سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں دو چینی کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے ۔ ذرائع کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو پی ایس ایل ڈرافٹنگ میں شامل کر لیا گیا ہے اور وہ اگلے ایڈیشن میں پشاور زلمی کی نمائندگی کریں گے ۔

ذرائع نے بتایا کہ دونوں کھلاڑیوں کو پشاور زلمی نے چین کی قومی ٹیم سے منتخب کیا ہے اور آئند ماہ دورہ چین میں پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کھلاڑیوں سے معاہدوں کو حتمی شکل دیں گے ۔

یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ چینی حکام کی جانب سے پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کو پیشکش کی گئی ہے کہ وہ متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے بجائے چین کو اپنی ہوم سیریز اور انٹرنیشنل میچوں کیلئے نیوٹرل وینیو بنائیں جس سے مذکورہ ملک میں جنٹل مین گیم کے فروغ کے علاوہ اس کی مقبولیت میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے ۔

واضح رہے کہ چین میں مردوں اور خواتین کی کرکٹ ٹیمیں بھی بنائی گئی ہیں جو انٹرنیشنل ایونٹس میں حصہ لیتی ہیں تاہم وہ اب تک کوئی بڑی کامیابی سمیٹنے میں کامیاب نہیں ہوسکیں ۔ ماضی میں سابق قومی ٹیسٹ بالر راشد خان چین میں کھلاڑیوں کی کوچنگ کرتے رہے ہیں ان کے مطابق وہاں پر یہ کھیل مقبولیت حاصل کر رہا ہے اور آئندہ چند سال میں چین میں کرکٹ کی ترقی کے روشن امکانات ہیں ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں