پاکستان بھر میں عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے

08:20 AM, 22 Aug, 2018

ملک بھر میں آج عید الاضحیٰ مذہبی عقیدت اور احترام سے منائی جارہی ہے۔

عید الاضحیٰ کے موقع پر شہر شہر نماز عید کے چھوٹے بڑے سیکڑوں اجتماعات منعقد ہوں گے۔ نماز عید کے موقع پر سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی سمیت دیگر شہروں میں بھی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔شہر قائد میں نمازعید کا سب سے بڑا اجتماع پولوگراونڈ میں منعقد ہوگا۔ اس کے علاوہ ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات بھی منعقد ہوں گے جہاں لاکھوں مسلمان عید کی نماز ادا کریں گے۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد سنت ابراہیمی کی ادائیگی کے سلسلے میں گائے، بیل، بکروں، اونٹوں، دمبوں اور دیگر جانوروں کی قربانی کی جائے گی۔سندھ پولیس نے عید الاضحیٰ کے موقع پر امن وامان کے قیام کو یقینی بنانے کے لئے کنٹی جینسی پلان مرتب کیا ہے جبکہ انتظامیہ نے قربانی کی کھالیں جمع کرنے کے لئے ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لئے بھی ہدایات جاری کی ہیں۔عید کامزہ دوبالا کرنے کے لیے خواتین کی جانب سے بھی گھروں میں مزے مزے کے پکوانوں کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔کوئی قوم قربانی کےجذبے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی،

وزیراعظم عمران خان کا عیدالااضحیٰ پر قوم کے نام پیغام 

عمران خانعید کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں عید کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہماری عبادات اور قربانیاں قبول فرمائے۔انہوں نے کہا کہ قربانی کا جذبہ ایک عالمگیر حیثیت کا حامل ہے، کوئی بھی قوم ایثار و قربانی کےجذبے کے بغیر ترقی نہیں کرسکتی۔انہوں نے کہا کہ قربانی کا مقصد خود کو رب کریم کے حکم کےتابع کرنا ہے، اس کا مقصد اپنی خواہشات و مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے لئے قربان کرنا ہے،وزیراعظم نے کہا کہ سنت ابراہیمی کاتقاضا ہے کہ ہم زندگی کے ہر شعبے میں ایثار و قربانی کا مظاہرہ کریں، ہمیں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور اجتماعی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں معاشی طور پر پیچھے رہ جانے والوں کا خاص خیال رکھناچاہئے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ  کا عیدالاضحی ٰ پر پیغام 

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو امن اور ترقی عطا فرمائے۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے افواج پاکستان کی طرف سے پاکستانیوں کو عید مبارک دی۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول چیف اور ائیر چیف کی جانب سے بھی قوم کو عید کی مبارکباد پیش کی گئی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا پیغام 

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال نے کہا کہ عید الاضحی قربانی، صبر و ایثار کی تعلیم دیتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سنت ابراہیمی کو مشعل راہ بنانا ہوگا، قربانی کے جذبے سے سرشار قوموں کاکبھی زوال نہیں آسکتا۔جام کمال نے کہا کہ جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا اہم پیغام 

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں اردگرد کے غرباء کو بھی شریک کریں، عید قربان انسانیت سے محبت اور ایثار کی تجدید کا دن ہے۔انہوں نے کہا کہ ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر قربانی کا جذبہ پیدا کریں، حکومتی پالیسیوں سے ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔

پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف  نے پیغام میں کیا کہا ؟

پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے حج اور عید الااضحیٰ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید کی خوشیوں میں ہمیں غریب اور دیگر ہم وطنوں کا بھی خیال رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ عید الاضحیٰ مسلمانوں میں قربانی کا جذبہ پیدا کرتی ہے، قربانی کا یہ عظیم جذبہ دین اسلام کی میراث ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ زندگی کے ہر شعبے میں قربانی دینا اہم ہے، قربانی کا جذبہ ہمیں انسانیت کے قریب لے کر جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ قربانیوں کی لازوال داستانوں سے بھری ہوئی ہے، نواز شریف بھی جمہوریت کے استحکام کے لیےقربانی دے رہے ہیں، اور اس کو عوام قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ جیل میں نوازشریف کا ہردن ایک عظیم جدوجہد کے لئے قربانی ہے۔

صدر مملکت ممنون حسین کا قوم کے نام پیغام 

صدر مملکت منون حسین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کی عبادات و قربانیاں قبول فرمائے۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو مسائل سے نکال کر امن کا گہوارہ بنانے کیلئے اپنی پیاری چیزوں کی قربانی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ آج عظیم انبیاء نے اطاعت و ایثار اور قربانی کی لازوال مثال پیش کی، یہ عمل رہتی دنیا کے لئے ایک مشعل راہ کی حیثیت اختیار کرگیاہے۔

ممنون حسین نے کہا کہ عبادت کی یہی روح ہے جو اس دنیا کو جنت کا نمونہ بناسکتی ہے، جان و مال کی قربانی سے انسان کو اپنی انا قربان کرنے کی تربیت دی جاتی ہے

مزیدخبریں