میں پاکستان کا ایجنٹ، جسے کرپشن کرنی ہے وہ کسی دوسرے صوبے میں چلا جائے: وزیر اعلیٰ پنجاب

میں پاکستان کا ایجنٹ، جسے کرپشن کرنی ہے وہ کسی دوسرے صوبے میں چلا جائے: وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ وہ پاکستان کے ایجنٹ ہیں اور پاکستان کے ایجنٹ بن کر کام کریں گے، صوبے میں کرپشن بالکل برداشت نہیں کی جائے گی ، جسے کرپشن کرنی ہے وہ کسی دوسرے صوبے میں چلا جائے۔

جیلانی پارک میں نماز عید کی ادائیگی کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب دارلشفقت میں بچوں سے ملنے پہنچے ، انہوں نے بچوں میں تحائف تقسیم کیے جس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا بطور وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کیلئے میرٹ اللہ کی رضا، عمران خان کا نظرِ کرم اور پسماندہ علاقے تعلق ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد صرف کام، کام اور کام ہے، کرپشن بالکل برداشت نہیں کی جائے گی، نہ ہم کرپشن کریں گے نہ کسی اور کو کرنے دیں گے، جسے کرپشن کرنی ہے وہ کسی اور صوبے میں اپنی جگہ ڈھونڈ لے ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تبدیلی لانا کوئی آسان کام نہیں، اس کے لیے بھرپور محنت کریں گے، پورا نظام ٹھیک کریں گے، اسٹیٹس کو کو توڑیں گے، تمام اداروں سے بریفنگ لیں گے اور ترجیحات کا فیصلہ کریں گے، خیبر پختونخوا کی طرح پنجاب میں بھی پولیس اصلاحات لائیں گے، عوام کو تبدیلی نظر آئے گی۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ’ اکثر لوگ مجھ سے پوچھتے ہیں کہ تم کس کے ایجنٹ ہو تو میں کہتا ہوں کہ میں پاکستان کاایجنٹ ہوں اور پاکستان کا ایجنٹ ہوکر ہی کام کروں گا‘۔