عالمی تنظیم جینو سائیڈ واچ کا مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی پر الرٹ جاری

عالمی تنظیم جینو سائیڈ واچ کا مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی پر الرٹ جاری
کیپشن: جرم کے بغیر 2 سال تک قید کے واقعات عام ہیں، رپورٹ۔۔۔۔۔۔۔فوٹو/ بشکریہ انڈین میڈیا

نیو یارک: عالمی تنظیم جینو سائیڈ واچ نے مقبوضہ کشمیر میں نسل کشی پر الرٹ جاری کر دیا۔ کشمیریوں کی نسل کشی پر عالمی تنظیم نے 10 مراحل کی نشاندہی کی۔جینو سائیڈ واچ نے رپورٹ میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ اور رکن ممالک بھارت کو کشمیر میں نسل کشی سے روکیں۔ بھارتی فوج نے 2016 سے اب تک 70 ہزار کشمیری شہید کیے جبکہ مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی نظام اور انٹرنیٹ بند ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں تشدد اور جنسی زیادتی کے واقعات عام ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کشمیر میں جرم کے بغیر 2 سال تک قید کے واقعات عام ہیں اور مسلمان حریت رہنماؤں کو گرفتار یا نظر بند کر دیا گیا۔ کشمیریوں کے مد مقابل ہندو اور سکھوں پر مشتمل بھارتی فوج ہے۔ مقبوضہ وادی میں 1990 تک ہندو پنڈت معاشی طور پرحاوی تھے۔ بی جے پی نے ہندوؤں کو مقبوضہ کشمیر میں دوبارہ مضبوط کیا اور وادی میں مسلمانوں کو دہشتگرد، شرپسند، علیحدگی پسند بنا دیا گیا۔

جینو سائیڈ واچ رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر پر جدید اسلحہ سے لیس 6 لاکھ فوجی اور پولیس قابض ہے۔ مودی اور بی جے پی نے مسلم مخالف نفرت کو ہوا دی جبکہ مودی اور بی جے پی نے سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کیا۔ بی جے پی رہنماؤں نے فوجی قبضے کو مسئلہ کشمیر کا حتمی حل قرار دیا۔ کشمیریوں کو گرفتار، قتل، محصور کر کے تشدد اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔