پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی، کیپٹن (ر) محمد صفدر سمیت 15 افراد کیخلاف مقدمہ درج

پولیس اہلکاروں سے ہاتھا پائی، کیپٹن (ر) محمد صفدر سمیت 15 افراد کیخلاف مقدمہ درج
کیپشن: پولیس حکام نے دفعہ 353، 186،147 اور 149 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب

لاہور: جوڈیشل کمپلیکس میں پولیس اہلکاروں سے ہاتھ پائی کے معاملے پر لاہور پولیس نے کیپٹن (ر) صفدر سمیت 15 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمہ ایس ایچ او اسلام پورہ کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مریم نواز، حمزہ شہباز، یوسف عباس کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر لیگی کارکنوں کی پولیس اہلکاروں سے ہاتھ پائی کا لاہور پولیس نے باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا۔ تھانہ اسلام پورہ پولیس نے کار سرکار میں مداخلت کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا۔ پولیس حکام نے دفعہ 353، 186،147 اور 149 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر پولیس اہلکاروں سے الجھ پڑے تھے۔ کیپٹن (ر) صفدر نے پولیس اہلکار سے لاٹھی چھین کر مارنے کی کوشش کی۔ ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ لیگی کارکنوں کو مریم نواز کی گاڑی کے آگے سے ہٹنے پر لیگی کارکنوں نے پولیس سے ہاتھ پائی شروع کر دی۔

یاد رہے گزشتہ روز مریم نواز اور یوسف عباس کی پیشی کے موقع پر غیر معمولی سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔ کارکنوں اور پولیس کے ساتھ بدنظمی دیکھنے میں آئی جبکہ کیپٹن (ر) صفدر نے پولیس اہلکاروں سے ڈنڈا چھین کر کارکنوں کو چھڑوا لیا تھا۔