شیخ رشید پر لندن میں حملہ کرنے والے سامنے آگئے

شیخ رشید پر لندن میں حملہ کرنے والے سامنے آگئے
کیپشن: Image Source : Twitter

لند ن:وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کیساتھ لندن میں آنے والے افسوسناک واقع کے بعد حملہ کرنے والوں کی تفصیلات سامنے آنے لگ گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لندن میں ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کے بعد شیخ رشید پر اچانک انڈے اور مکوں سے حملہ کیا گیا تاکہ حملہ آور موقع سے فرار ہو گئے ، بدھ کو آصف علی خان صدر پیپلز پارٹی یوتھ آرگنائزیشن یورپ اور سمہ ناز جنرل سیکرٹری فار گریٹر لندن ویمنز ونگ نے ایک بیان جاری کیا ہے جس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ انہوں نے ہی شیخ رشید پر حملہ کیا کیونکہ وہ پیپلز پارٹی کے لیڈر بلاول بھٹو زرداری کے لیے نازیبا زبان استعمال کر رہے تھے۔

عوامی مسلم لیگ لندن کے صدر سلیم شیخ نے کہا ہم نے آصف خان اور حملے میں ملوث عورت کو دیکھا ہے ،اس وقت یہ دونوں موقع سے فرار ہو گئے تھے لیکن اب باہر آگئے ہیں اور حملے کا دعویٰ کیا ہے ،انہوں نے کہا پولیس میں کیس درج کرانے کا فیصلہ شیخ رشید سے بات چیت کے بعد کریں گے۔

سلیم شیخ نے تصدیق کی کہ شیخ رشید نے لندن میں احتجاج میں شرکت انٹلی جنس رپورٹ ملنے کے بعد منسوخ کی تھی کہ ان پر ریلی میں حملہ کیا جا سکتا ہے۔ ان پر حملے کے کئی منصوبے تھے۔ ہم مزید ایکشن لینے والے ہیں کیونکہ تشدد تمام لوگوں کے لئے ناقابل قبول ہے۔