بھارت کو احتساب کے کٹہرے میں لانا چاہئے،شاہ محمود قریشی

بھارت کو احتساب کے کٹہرے میں لانا چاہئے،شاہ محمود قریشی


اسلام آباد:وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی مذہبی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے،بھارت کو احتساب کے کٹہرے میں لانا چاہئے،پاکستان تشدد کا نشانہ بننے والوں کی حمایت میں عالمی برادری کے شانہ بشانہ کھڑا ہے،پاکستان مذہب کی بنیاد پر تشدد ،تعصب ،عدم برداشت اور تفریق سے انسانوں کے بچاﺅ کےلئے عالمی کوششوں کا ساتھ دیتا رہے گا۔

مذہب کی بنیاد پر تشدد کا نشانہ بننے والوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں شاہ محمود قریشی نے کہاکہ پاکستان تشدد کا نشانہ بننے والوں کی حمایت میں عالمی برادری کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تفرق ،نفرت اور مذہب کی بنیاد پر تشدد کے خاتمے کا یہ اہم موقع ہے،پاکستان امن ، برداشت ،بین الثقافتی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے صف اول پر ہے۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم نے اصولوں کے پیش نظر کئی اقدامات کیے ہیں، جن میں اقلیتوں کے قومی کمیشن کا قیام ،اقلیتوں کی عبادت گاہوں کی بحالی اور دنیا کا سب سے بڑا گردوارہ کرتارپور شامل ہیں۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان نے اسلام و فوبیا کے خلاف آواز اٹھائی ہے،ہمارے خطے میں بےجی پی اور آرایس ایس جوکہ ہندوتوا سے متاثر ہے مسلم ورثہ ختم کرنے کے درپے ہے۔ انہوں نے کہاکہ کرونا وائرس کے دنوں میں بھارتی مسلمانوں کو نفرت کا سامنا کرنا پڑا،اس موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیرقانونی اقدامات کے خاتمے کے لیے زور دینا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی مذہبی حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے،بھارت کو اس سلسلے میں احتساب کے کٹہرے میں لانا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان مذہب کی بنیاد پر تشدد ،تعصب ،عدم برداشت اور تفریق سے انسانوں کے بچاؤ کے لیے عالمی کوششوں کا ساتھ دیتا رہے گا۔