بھارت میں طالبان کی حمایت میں پوسٹ کرنے والے 14 افراد گرفتار

India, police, social media, post, support, Taliban

نیو دہلی: افغانستان معاملے پر مسلسل نظر اندازی سے بھارتی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ، بھارت میں طالبان کی حمایت میں سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے والے 14 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ، آسام کے گیارہ اضلاع سے 14 افراد کو حراست  میں لیا گیا ہے ۔ بھارتی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں سے کچھ نے طالبان کی حمایت کا اظہار کیا ، کچھ نے مودی سرکار اور بھارتی میڈیا کو طالبان کی حمایت نہ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا تھا ۔

پولیس حکام کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد کو انسداد دہشت گردی کے قانون کی خلاف ورزی کے الزامات کے تحت حراست میں لیا گیا ہے ۔

دوسری جانب ، بھارتی حکومت نے کابل ائیر پورٹ سے 107 بھارتی شہریوں سمیت 168 افراد کو نکال لیا ۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان آرندم باگچی کے مطابق ، بھارتی فضائیہ کی خصوصی پرواز میں 168 افراد کو کابل سے نئی دہلی پہنچایا گیا ہے ۔

اس کے علاوہ بھارتی فضائیہ کے طیارے نے 2 نیپالیوں سمیت 87 افراد کو تاجکستان سے نئی دہلی منتقل کیا ، ان 87 افراد کو کابل ائیر پورٹ سے تاجکستان منتقل کیا گیا تھا ۔