وزیراعظم عمران خان شہروں کی بہتری کیلئے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں: فرخ حبیب

Prime Minister, Imran Khan, master plan, cities, Farrukh Habib

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے وزیراعظم نے قوم میں شعور اجاگر کیا ۔ وزیراعظم عمران خان شہروں کی بہتری کیلئے ماسٹر پلان بنا رہے ہیں ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان میں کلین اینڈ گرین مہم کامیابی سے جاری ہے ۔ لیڈر وہی ہوتا ہے جو آنے والی نسلوں کے بارے سوچتا ہے ۔ دنیا آج وزیراعظم عمران خان کو ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے اقدامات پر سراہ رہی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے ماحولیاتی تبدیلی کیلئے بہت سے اقدامات کئے ہیں اور مزید کر رہے ہیں ۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلیاں آرہی ہیں جس سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں ۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان گلوبل وارمنگ کیخلاف کام کرنے والے صف اول کے ممالک میں شامل ہے ۔ راوی کنارے میاواکی کے ذریعے 3 لاکھ سے زائد پودے لگائے گئے ۔ پاکستان میں جہاں بھی جنگلات موجود ہیں انہیں ہم سب کو مل کر خیال رکھنا ہے ۔ کراچی میں پہلے 25 اربن فاریسٹ موجود تھے جو چائنہ کٹنگ کی نذر ہوگئے ۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں عوام کو درخت کاٹنے کی اجازت نہیں ، پاکستان میں درختوں کو بے دریغ کاٹا جاتا ہے جسے ہمیں مل کر روکنا ہے ۔ پاکستان میں شجرکاری تحریک کی شکل اختیار کرچکی ہے جس میں عوام بھرپور شرکت کر رہے ہیں ۔ وزیراعظم عمران خان نے ملک میں ہمیشہ شجرکاری مہم پر زور دیا ہے ۔