او آئی سی کا افغانستان کی صورتحال پر اہم اجلاس

او آئی سی کا افغانستان کی صورتحال پر اہم اجلاس
کیپشن: افغانستان کی صورت حال پر او آئی سی کا اجلاس جدہ میں جاری
سورس: فائل فوٹو

جدہ: افغانستان کی صورتحال پر غور کرنے کے لیے سعودی عرب کی سربراہی میں اسلامی تعاون تنظیم ’’ او آئی سی‘‘ کا غیر معمولی اجلاس جدہ میں ہوا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی عرب نے دو روز قبل افغانستان کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال پر اسلامی تعاون تنظیم کا غیر معمولی اجلاس بلانے کی درخواست کی تھی جس پر  جدہ میں او آئی سی کے رکن ممالک کا اہم اجلاس  ہوا۔

57 مسلم ممالک کی نمائندگی کرنے والی اسلامی تعاون تنظیم نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ جنگ زدہ ملک میں انسانی ضروریات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اس لیے کڑے وقت میں افغانستان کو ہر طرح کی مدد فراہم کی جائے اور قیمتی جانوں کے ضیاع کو بچانے کے لیے ہرممکن اقدامات اُٹھائے جائیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے او آئی سی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف بن احمد العثمین نے کہا کہ افغانستان میں مذاکرات کی حمایت کرتے ہیں۔ افغانستان میں امن کے قیام اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے اُٹھائے گئے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں۔

گزشتہ روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر یوسف العثمین سے ٹیلی فون پر گفتگو کی تھی اور افغانستان کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا تھا۔

خیال رہے کہ طالبان نے 15 اگست کو افغان دارالحکومت کابل کا کنٹرول سنبھال لیا تھا اور ’’ افغانستان امارت اسلامی‘‘ کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا چند ہفتوں میں نئی حکومت کے خدوخال وضع کر لیے جائیں گے۔