پاکستان میں چینی بائیک ساز کمپنی کا 800 سی سی کار متعارف کرانے کا اعلان

پاکستان میں چینی بائیک ساز کمپنی کا 800 سی سی کار متعارف کرانے کا اعلان

کراچی: پاکستان میں معروف چینی بائیک ساز کمپنی یونائیٹڈ موٹرز نے آئندہ سال 800 سی سی کار لانے کا اعلان کر دیا جسے 2019 میں 800 سی سی سوزوکی مہران کے 30 سالہ دور کے اختتام پر متعارف کرایا جائے گا۔ اس بات کی تصدیق یونائیٹڈ موٹرز کے جنرل منیجر محمد افضل کے مطابق یونائیٹڈ آٹو انڈسٹریز کار اور پک اپ کی مینوفکچرنگ میں داخل ہونے جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی چینی ٹیکنالوجی کا استعمال کرے گی اور مارکیٹ میں اس کی گاڑیاں یونائیٹڈ کے برانڈ کے نام سے آئیں گی جبکہ ان گاڑیوں کی مقامی اسمبلنگ 2018 کی پہلی ششماہی میں شروع ہو جائے گی۔


دوسری جانب مارکیٹ میں ایسی رپورٹس گردش کر رہی ہے کہ یونائیٹڈ موٹرز مہران اور راوی کی طرح دکھنے والی گاڑی متعارف کرا رہا ہے جس میں کاپی رائٹ قانون سے بچنے کے لیے ڈیزائن میں معمولی تبدیلی ہو گی۔ تاہم محمد افضل کا کہنا تھا کہ ہماری کاریں اور پک اپ سوزوکی برانڈ کی نقل نہیں ہوں گی ہماری گاڑیاں بالکل مختلف ہوں گی، جس میں متعدد پرکشش خصوصیات اور حفاظتی معیار شامل ہو گا۔

قیمت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کمپنی اسے بہت سستی رکھنا چاہتی ہے تاہم حکام نے کمپنی کی گرین فیلڈ پروجیکیٹ میں سرمایہ کاری، مقامی سطح، پلانٹ کی صلاحیت اور ماہانہ پیداوار کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی۔

واضح رہے کہ جون میں حکومت نے یونائیٹڈ موٹرز، کے آئی اے، لکی موٹرز اور ہنڈائی نشات موٹرز کو نئی آٹو پالیسی کے تحت گرین فیلڈ پروجیکٹ لگانے کی اجازت دی تھی جبکہ ان کمپنیوں سے مقامی سطح پر اسمبلنگ کے لیے مکمل کٹس کی درآمد پر کسٹم ڈیوٹی کم کرنے کے لیے خصوصی مراعات دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ پاک سوزوکی مارچ 2019 میں مہران کو بند کر کے ایک نئی 660 سی سی آلٹو متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے جس کے بنیادی ویرینٹ کی قیمت 8 لاکھ 50 ہزار سے 9 لاکھ تک ہو گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں