طیب اردوان کیخلاف متنازع ٹوئٹ پر اماراتی سفیر کی طلبی

طیب اردوان کیخلاف متنازع ٹوئٹ پر اماراتی سفیر کی طلبی

استنبول: ترک صدر رجب طیب اردوان کو مبینہ طور پر مشتعل کرنے کے لیے کیے گئے ٹوئٹ پر ترکی نے متحدہ عرب امارات کے سفیر کو طلب کیا اور وزیر کے خلاف شکایت کی۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ترکی کی سرکاری نیوز ایجنسی اناطولیہ کا کہنا تھا کہ ترکی کی وزارت خارجہ نے انقرہ میں اماراتی ناظم الامور کو طلب کیا اور واقعے پر شکایات کی۔

اماراتی سفارتکار کی عارضی غیر حاضری کے باعث ناظم الامور فی الحال ترکی میں متحدہ عرب امارات کے سفارتکار کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں ترک صدر پر لگائے گئے الزام کو ری ٹوئٹ کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ اردوان کے آباو اجداد نے 20 ویں صدی کے اوائل میں مدینہ کے لوگوں کو اغوا کیا تھا۔

واضح رہے کہ متنازع ٹوئٹ علی العراقی نامی صارف کی جانب سے کیا گیا تھا جو خود کو جرمنی میں رہنے والا ایک عراقی نژاد دانتوں کا ڈاکٹر ظاہر کرتے ہیں۔

علی العراقی نے ترک دور حکمرانی کے حوالے سے کہا تھا کہ گورنر مدینہ فردین پاشا چور تھے اور انہوں نے مدینہ میں لوٹ مار کی اور شہریوں کو اغوا کر کے انہیں ٹرین میں بھر کر شام اور استنبول لے گئے تھے۔

مذکورہ صارف نے مزید ٹوئٹ کیا کہ مدینہ کے گورنر طیب اردوگان کے آباو اجداد تھے اور یہ ہی تاریخ عرب مسلم کے ساتھ منسلک ہے۔ بعد ازاں ترک صدر نے متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کو اپنی حیثیت میں رہنے کی تلقین کرتے ہوئے ٹوئٹر پر صارف کے دعوے پر برہمی کا اظہار کیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں