وزیراعظم نے پورٹ قاسم پر وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعظم نے پورٹ قاسم پر وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا

کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پورٹ قاسم پر وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے. پائپ لائن میں ڈیزل کے ساتھ پٹرول لے جانے کی صلاحیت بھی پیدا کی جائے گی .پائپ لائن سے دو لاکھ پچپن ہزار ٹن پٹرول اور ڈیزل ذخیرہ کرنے کی سہولت حاصل ہو گی .پورٹ قاسم شکار پور اور محمود کوٹ میں پٹرول اور ڈیزل ذخیرہ کرنے کے ٹینکس بنائے جائیں گے. اس منصوبے سے پٹرولیم منصوعات کی سڑک کے ذریعے ترسیل میں کمی آئے گی. پٹرولیم مصنوعات کی سڑک کے ذریعے ترسیل سے حادثات میں کمی ہو گی .پٹرول اور ڈیزل کی پائپ لائن کے ذریعے ترسیل سے ٹرانسپورٹیشن اخراجات کم ہونگے .منصوبے پر لاگت کاتخمینہ 13 کروڑ 40 لاکھ ڈالر ہے منصوبہ مئی 2019ء تک مکمل ہو گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تیل کی روڈ کے ذریعے ترسیل سے زیادہ نقصان کا خطرہ ہوتا ہے، اس کے لیے دنیا بھر میں پائپ لائنز کا استعمال کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹینکرز کی بڑی تعداد نظام میں ہونے سے حادثات کا خطرہ رہتا ہے، بہاولپورکے قریب ہونے والا حادثہ اس کی المناک مثال ہے۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ٹرانسپورٹرز کے کاروبار کا خیال رکھا ہے، منصوبے سے ان کے کاروبار کو نقصان نہیں پہنچے گا، ٹینکرز سیکنڈری تیل کی ترسیل کریں گے، ان کے کام میں کمی نہیں آئے گی۔