سعد رفیق اور سلمان رفیق کی آج عدالت میں پیشی

سعد رفیق اور سلمان رفیق کی آج عدالت میں پیشی
کیپشن: نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کریں گے۔۔۔۔۔فائل فوٹو

لاہور: پیراگون ہاؤسنگ سکینڈل میں سعد رفیق اور سلمان رفیق کو آج احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ملزمان کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پورا ہونے پر پیش کیا جائے گا۔

احتساب عدالت کے جج نجم الحسن کیس پر سماعت کریں گے۔ نیب پراسیکیوٹر وارث علی جنجوعہ ملزمان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کریں گے۔ عدالت کی جانب جانے والے اضافی راستے کینٹینرز لگا کر بند کر دئیے گئے تاہم کینٹینرز کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

احتساب عدالت نے آشیانہ اور پیراگون سٹی سکینڈل میں گرفتار سعد رفیق اور سلمان رفیق کو رواں ماہ 12 دسمبر کو 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا۔

یاد رہے کہ آشیانہ ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات میں انکشاف ہوا تھا کہ وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے پیراگون سوسائٹی سے براہ راست روابط ہیں، پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے ذریعے آشیانہ اسکیم لانچ کی گئی تھی۔

بعد ازاں خواجہ برادران سے قومی احتساب بیورو (نیب) کے افسران نے ایک گھنٹہ تک پوچھ گچھ کی تھی۔ نیب کی 3 رکنی تحقیقاتی ٹیم نے خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق سے الگ الگ تحقیقات کی جس دوران وہ افسران کو مطمئن نہیں کرسکے تھے۔خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی نے ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست بھی دائر کی تھی۔