ماہرہ خان کی سالگرہ پر’ دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا ٹریلر جاری

ماہرہ خان کی سالگرہ پر’ دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کا ٹریلر جاری
کیپشن: تصویر بشکریہ فیس بک

کراچی:پاکستانی فلم انڈسٹری میں دھوم مچانے کیلئے ماضی کی شہرہ آفاق فلم ’مولاجٹ‘ کے سیکوئل ’دی لیجنڈ آف مولاجٹ‘ کا تہلکہ خیز ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جسے دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ یہ فلم آتے ہی چھا جائے گی۔

مولاجٹ جس کا تقریباً40 سال بعد سیکوئل بنایا گیا ہے کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جسے دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ پاکستان میں اب بھی بالی ووڈ اور ہالی ووڈ کو ٹکر دینے کی صلاحیت موجود ہے۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی کاسٹ میں بھارت میں بھی اپنی اداکاری کے ذریعے جھنڈے گاڑنے والے فواد خان،حمزہ علی عباسی،ماہرہ خان ،حمائمہ ملک،علی عظمت،شفقت چیمہ،نیئر اعجاز،گوہر رشید،صائمہ بلوچ اور فارس شفیع سمیت دیگر بڑے نام شامل ہیں۔یہ فلم پروڈیوسر بلال لاشااری کی جانب سے بنائی گئی ہے ۔


خیال رہے کہ فلم ’مولا جٹ‘ 1979 میں ریلیزہوئی تھی جس میں مولاجٹ کا کردار مرحوم سلطان راہی نے اداکیا تھا جبکہ نوری نت کا کردار مصطفی قریشی نے نبھایا تھا جبکہ سیکوئل میں مولاجٹ فواد خان ہونگے جبکہ نوری نت کا کردار حمزہ علی عباسی ادا کریں گے۔

واضح رہے کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ کا ٹریلر اس فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ ماہرہ خان کی سالگرہ کے موقع پر جاری کیا گیا ہے جبکہ ماہرہ خان نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس پر اس ٹریلر کو شیئر کیا ہے۔