لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں دھند ، موٹروے جزوی بند، فلائٹ شیڈول متاثر

لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں دھند ، موٹروے جزوی بند، فلائٹ شیڈول متاثر

لاہور: پنجاب کے کئی شہروں کو دھند نے اپنی لپیٹ میں لے لیا، قومی شاہراہ پر حد نگاہ 50 میٹر رہ گئی، موٹروے ایم تھری، فور کو بند کر دیا گیا ۔

موٹروے پولیس نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کر دی، دوسری جانب شدید دھند کے سبب پروازوں کا رخ بھی اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔

لاہور اور گردونواح میں دھند کی چادر پھیل گئی، ٹھوکر، چوہنگ، موہلنوال کے علاوہ مانگامنڈی میں شدید کہر ہے۔ گگومنڈی، قصور، پتوکی، پاکپتن، چنیوٹ، پھولنگر اور پیر محل بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں۔

شجاع آباد، حبیب آباد ،رینالہ خورد، حافظ آباد، منڈی بہاﺅالدین کے علاوہ ڈی جی خان، چیچہ وطنی، کسووال، اقبال نگر، میاں چنوں بھی دھند سے متاثر ہیں۔

قومی شاہراہ پرحد نگاہ 50 میٹررہ گئی، موٹروے کے بعض مقامات پر حدنگاہ صفر ہونے کے سبب ایم تھری اور فور کو بند کر دیا گیا، ٹریفک کی روانی شدید متاثر رہی ، موٹروے پولیس نے شہریوں کو دوران سفر فوگ لائٹس کے استعمال اور غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

دوسری جانب دھند کے باعث ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پرفلائٹ آپریشن متاثر ہوا ہے، دبئی سے آنے والی پرواز کا رخ اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔

دوسری جانب بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں محکمہ موسمیات کے صبح ریکارڈ کیے جانے والے درجہ حرارت کے مطابق وادی کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

زیارت میں منفی 5، قلات منفی 3ڈگری سینٹی گریڈ، ڑوب، خضدار 1، دالبندین اور نوکنڈی 3، گوادر، جیونی 16، پنجگور 2، سبی 8اور تربت میں 12ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سردی رہے گی۔