بلوچستان میں اومیکرون کے 30 مشتبہ کیسز کا انکشاف

بلوچستان میں اومیکرون کے 30 مشتبہ کیسز کا انکشاف

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع قلات میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون  کے  30 مشتبہ کیسز  سامنے آنے کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق  بلوچستان کے ضلع قلات میں کورونا کی تشخیص کیلئے ہونے والے ٹیسٹ کے دوران  اومیکرون کے 30 مشتبہ کیسز سامنے آنے کا انکشاف ہوا۔انچارج کورونا آپریشن سیل بلوچستان ڈاکٹر نقیب اللہ نیازی کے مطابق  قلات میں سامنے  آنے والے اومیکرون کے مشتبہ کیسز کے نمونے تصدیق کیلئے این آئی ایچ ڈی اسلام آباد بھجوائے جارہے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ صحت نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر قلات کو بھی ایک مراسلہ  تحریر کیا ہے  جس میں ہدایت کرتے ہوئے انہیں کہا گیا ہے کہ اومیکرون کا شکار 30 مشتبہ مریضوں کی فوری تلاش کرتے ہوئے ان کو قرنطینہ کردیں۔

 اومیکرون کے بڑی تعداد میں مشتبہ کیسز  کے انکشاف کے بعد محکمہ صحت نے تمام ڈاکٹروں کو بھی  مکمل احتیاط کی ہدایت کردی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ بلوچستان نے قلات میں اومیکرون کے کیسز سے متعلق انکشاف پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

قبل ازیں ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں  اومیکرون کا دوسرا کیس 17 دسمبر کو سامنے آیا تھا جس کی محکمہ صحت کے ذرائع کی جانب سے تصدیق کی گئی  تاہم  متاثرہ  شخص قرنطینہ سے فرار ہو گیا تھا جس نے اپنا پاسپورٹ لینے کیلئے رابطہ کیا اور یوں اسے تلاش کر لیا گیا۔ 
یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کی افریقی قسم اومیکرون کے پہلے کیس کی تصدیق 13 دسمبر کو ہوئی تھی۔ تاہم بعد ازاں  متاثرہ 65 سالہ خاتون کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد صحت یاب ہو کر ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔

مصنف کے بارے میں