کتیا کے خاندان کی انسان دوستی کا حیران کن واقعہ ، مادہ کتیا اپنے پلوں کے ساتھ نومولود بچی کی حفاظت کرتی رہی

کتیا کے خاندان کی انسان دوستی کا حیران کن واقعہ ، مادہ کتیا اپنے پلوں کے ساتھ نومولود بچی کی حفاظت کرتی رہی

چھتیس گڑھ : انسانوں کی بے حسی کے دور میں جانوروں کی محبت کا واقعہ یقینی طورپر ایک بڑی خبر ہے ۔ جب ایک انسان اپنی پیدا کردہ بیٹی کو کھیتوں میں ننگ دھڑنگ مرنے کے لئے  چھوڑ کر چلا گیا تو ایک کتیا کے خاندان نے اس نومولود کا ناصرف پہرہ دیا بلکہ اس کے بچوں نے اپنے جسموں سے ننھی بچی کے جسم کو سردی میں حرارت پہنچائی اور مرنے سے بچا لیا ۔

یہ حیران کن واقعہ بھارتی ریاست چھتیس گڑھ کے علاقے میں پیش آیا ہے  جہاں سریستال گاؤں کے کھیت میں  کوئی انسان اپنے گناہ کو چھپانے کے لئے نومولود بچی کو لاوارث کھیتوں میں برہنہ حالت میں چھوڑ گیا تھالیکن مارنے والے سے بچانے والا زیادہ طاقتور ہے ۔

بے سروسامانی کے عالم میں کھیتوں میں پڑی بچی کو آوارہ کتوں نے نہیں بھنبھوڑا  بلکہ اس نومولود بچی کو ایک کتیا کے خاندان نے تحفظ دیا  اور سار ی رات کتیا کے ننھے پلے اس نومولود کے جسم سے اپنے جسم کو مس کرتے رہے اور اس کو حرارت پہنچاتے  رہے ۔

اگلی صبح کھیتوں میں کام کرنے کے لئے آنے والے کسانوں نے روتی ہوئی بچی کی آواز سنی تو انہوں نے نومولود بچی کو اپنی تحویل میں لے لیا ۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ  مادہ کتیا نے رات بھر بچی کی حفاظت کی ہے اور بچی کو سردی سے بچایا ہے ۔ کسان بچی کو اٹھا کر مقامی ہسپتال  لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے بچی کو مکمل صحتمند قرار دیا ہے ۔

پولیس نےبچی کے لواحقین کی تلاش کا کام شروع کردیا ہے ۔ تاہم جب تک بچی کے ورثاء کا علم نہیں ہوتا بچی گاؤں کے ایک مکھیا کے پاس امانت کے طورپر رہے گی ۔

مصنف کے بارے میں