قومی کرکٹر عابدعلی نے ہسپتال سے مداحوں کے نام خصوصی پیغام جاری کردیا

قومی کرکٹر عابدعلی نے ہسپتال سے مداحوں کے نام خصوصی پیغام جاری کردیا

کراچی: پاکستان کے سٹار کرکٹر عابدعلی نے مداحوں کے نام ویڈیو پیغام جاری کردیا ۔ ان کا کہناہے کہ میں اپنے چاہنے والوں کی دعاؤں کی بدولت خیریت سے  ہوں  اور آنے والے دنوں میں بھی انکی محبتوں کا طالب ہوں ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے معروف ٹیسٹ کرکٹر عابدعلی نے ہسپتال سے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں مداحوں سے ان کی جلد صحیتابی کی دعا کی اپیل کی ہے ۔  
 36 سیکنڈ کے ویڈیو  پیغام میں عابد علی نے کہا کہ اللّٰہ کا شُکر ہے میں ٹھیک ہوں، آپ سب سے دعاؤں کی درخواست ہے۔

اپنے پیغام میں  عابد علی نے  بتایا کہ اُن کا  ایک پراسیجر ہونا ہے، جس کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست ہے۔

ٹیسٹ کرکٹر نے اپنے ویڈیو پیغام میں دُعا اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ بھی ادا کیا ۔

یاد رہے کہ قومی کرکٹر عابدعلی کو کراچی میں ہونے والے قائداعظم ٹرافی چیمپیئنز شپ میں بیٹنگ کے دوران سینے میں تکلیف ہوئی تو ان کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ان کی انجیو گرافی کی گئی اور پھر ان کو ایک سٹنٹ ڈال دیا گیا ۔

یاد رہے کہ  اوپنر عابد علی نے حال ہی میں بنگلہ دیش کے خلاف شاندار بیٹنگ کی تھی۔عابد علی نے دو ٹیسٹ میچوں کی تین اننگز میں بالترتیب 133، 91 اور 39 رنز بنائے تھے ۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے عابد علی کو بنگلہ دیش کے خلاف شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا تھا۔