سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی ارکان کو استعفوں کی دوبارہ تصدیق کیلئے بلا لیا

سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی ارکان کو استعفوں کی دوبارہ تصدیق کیلئے بلا لیا

اسلام آباد: سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ارکان کو استعفوں کی دوبارہ تصدیق کیلئے بلا لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شاہ محمود قریشی کے خط کے جواب میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے خط میں کہا کہ شیڈول کے اندر کوئی رکن استعفے کی تصدیق کیلئے نہیں آیا۔
سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ 11 اپریل کو جمع کرائے گئے استعفوں کی تصدیق کیلئے 23 مئی کو خط لکھا گیا تھا اور 6 سے 10 جون تک استعفوں کی تصدیق کی مہلت دی گئی تھی۔
سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی اراکین کو استعفوں کی دوبارہ تصدیق کیلئے بلاتے ہوئے خط میں استعفوں کی تصدیق سے متعلق قواعد کا ذکر بھی کیا ہے۔ 
بعد ازاں قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) قومی اسمبلی میں آ کر کردار ادا کرے۔
انہوں نے کہا کہ استعفوں کی تصدیق کیلئے تمام ارکان کو خطوط لکھے تھے، قواعد یہ کہتے ہیں کہ آپ نے اپنے ہاتھ سے استعفیٰ لکھنا ہے اور اس کی تصدیق کیلئے سپیکر کے سامنے پیش ہونا ہوتا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہم اکھٹے آنا چاہتے ہیں، اکھٹے ہوکر آنا سپیکر کے اطمینان کیلئے کافی نہیں ہے، اس سے ایک دوسرے پر دباؤ ہو گا اور میں ہر رکن کو سننا بھی چاہوں گا۔ 

مصنف کے بارے میں