پیمرا نے نجی ٹی وی کو نوٹس جاری کر دیا

 پیمرا نے نجی ٹی وی کو نوٹس جاری کر دیا

لاہور:پاکستانی شوبز انڈسٹری میں ڈرامہ ایک اہم حیثیت کا حامل ہے اور نہ صرف پاکستانی خواتین بلکہ مرد بھی اب ڈرامہ شائقین کی صف میں شامل ہیں۔پہلے پہل تو پی ٹی وی سے ہی ڈرامے نشر کیے جاتے تھے لیکن اب نجی چینلز کی بھر مار نے ڈرامہ کی ورائٹی میں بھی تبدیلی پیدا کی ہے۔اور لوگ ان چینلز کے ڈراموں کو شوق سے دیکھتے ہیں لیکن حال ہی میں نشر ہونے والا ایک ڈرامہ کافی تنقید کی زد میں ہے۔کتنی گرہیں باقی ہیں کے نام سے نشر ہونے والی یہ ڈرامہ سیریز ہے جس میں ہر قسط میں نیا موضوع دکھایا جاتا ہے جو کہ ایک قسط پر مبنی ہی ہوتا ہے۔

29جنوری کو نشر ہونے والی قسط میں اداکارہ ثانیہ سعید اور فرح شاہ میں قریبی تعلقات دکھائے گئے ہیں۔

جس پر لوگوں نے بہت تنقید کی ہے البتہ ڈرامے کی ہدایت کارہ انجلینا ملک کا کہنا ہے کہ ”ڈرامے میں ہم جنس پرستی بالکل نہیں دکھائی گئی اور اگر کسی ڈرامے ایک مرد کو عورت پر لائن مارتے دکھایا جاتا ہے تو کسی کو اعتراض نہیں ہوتا لیکن اگر دو خواتین کے اچھے تعلق کو دکھایا جا رہا ہے تو اس کو غلط رنگ دیا جا را ہے“۔پیمرا کی جانب سے ایشو کئے گئے نوٹس میں یہ کہا گیا ہے کہ اس ڈرامے کی اخلاقی اقدار پاکستان کے سماجی،معاشرتی ،قانونی یا دینی ماحول سے مطابقت نہیں رکھتیں اور یہ موضوع معاشرے کے لیے نا قابل قبول ہے۔

واضح رہے کہ چینل کو27فروری تک وضاحت دینے کا ٹائم دیا گیا ہے اور یہ بھی استفسار کیا گیا ہے کہ آیا ڈرامہ کسی بیرونی فنڈنگ سے بن رہا ہے یا چینل کے اپنے پیسوں سے۔چینل کی سربراہ سلطانہ صدیقی کا کہنا ہے کہ اس بارے میں تا حال کوئی فیصلہ نہیں کیا اور قانانی مشاورت کے بعد ہی کوئی قدم اٹھایا جائے گا۔