داعش کے دن گنے جا چکے ہیں،جامعہ الازھر

 داعش کے دن گنے جا چکے ہیں،جامعہ الازھر

قاہرہ :مصر کی سب سے بڑی دینی درس گاہ جامعہ الازھر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عالمی دہشت گرد گروپ داعش پر ہونے والے مسلسل حملوں کے بعد اس کی کمر ٹوٹ چکی ہے اور اس کے دن گنے جا چکے ہیں۔عرب ٹی وی کے مطابق جامعہ الازھر کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ داعش جھوٹے اور جعلی پیغامات کے ذریعے یہ تاثر دینے کی کوشش کررہی ہے کہ وہ اب بھی موجود اور موثر ہے مگر حقیقت اس کے برعکس ہے۔

وہ وقت زیادہ دور نہیں جب داعش جیسے گمراہ ٹولوں سے مسلم امہ کو نجات مل جائے گی۔الازھر کی طرف سے یہ بیان داعش کی جانب جاری اس ویڈیو بیان کا رد عمل ہے جس میں داعش نے دھمکی دی تھی کہ وہ مصر میں عیسائیوں کے گرجا گھروں کو دوبارہ نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
الازھر کا کہنا ہے کہ عراق کے شہر موصل، شام میں دیر الزور، الرقہ، لیبیا میں سرت اور دوسرے مقامات پر داعش کو کاری ضرب لگائی گئی ہے جس کے نتیجے میں دہشت گرد گروپ کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ داعش محض سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے کھوکھلی قوت کا اظہار کر کے یہ ثاتر دینے کی کوشش کررہی ہے کہ اس کی طاقت کو کچلا نہیں جاسکا ہے۔