شیخ رشید نے ایل این جی سکینڈل میں وزیراعظم کیخلاف نیب میں درخواست جمع کرادی

شیخ رشید نے ایل این جی سکینڈل میں وزیراعظم کیخلاف نیب میں درخواست جمع کرادی

اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد ایل این جی سکینڈل میں وزیراعطم شاہد خاقان عباسی کیخلاف نیب میں درخواست جمع کرادی ہے۔

تفصیلات کے مطابق شیخ رشید احمد نے وزیراعظم کیخلاف2013 میں میں ایل این جی کے ٹھیکوں میں 2 کھرب 20 ارب روپے کی مبینہ کرپشن کے خلاف قومی احتساب بیورو میں درخواست دیدی۔

سربراہ عوامی مسلم لیگ نے اس تحریری شکایت میں موقف اپنایا کہ وزیراعظم نے مذکورہ ٹھیکے اس وقت دیئے جب وہ وزارت پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر تھے۔نیب کے ترجمان نے شیخ رشید کی جانب سے درخواست کی تصدیق کردی ہے۔

واضح رہے کہ نیب نے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی پراجیکٹ میں اربوں روپے کی کرپشن کے الزام میں جاری 17 ماہ کی تفتیش کے بعد بے گناہ قرار دیا تھا۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے شیخ رشید کی وزیراعظم کیخلاف ایل این جی کی درخواست کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ دیا تھا کہ اس کیس کے حوالے سے نیب سے رجوع کیا جائے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سپریم کورٹ نے نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے بعد پارٹی صدارت سے بھی نااہل قرار دیدیا تھا اور ان کے بطور پارٹی صدر کئے گئے تمام اقدامات بھی کالعدم قرار دینے کا فیصلہ جاری کیا تھا۔