یہ باتیں پاگل پن ہیں کہ شادی کرو اور وزیراعظم بن جاؤ، عمران خان

یہ باتیں پاگل پن ہیں کہ شادی کرو اور وزیراعظم بن جاؤ، عمران خان

اسلام آباد: ایک نجی ٹی وی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی شادی کا وزارت عظمیٰ سے کوئی تعلق نہیں اور نہ ہی انہیں اس بات کی فکر ہے کہ ووٹرز اور لوگ کیا کہیں گے۔ ان کا دل کہتا ہے کہ 2018 کا الیکشن پی ٹی آئی جیت جائے گی۔

عمران خان نے کہا کہ اگر وہ وزیراعظم بنے تو کسی مقصد کے لیے بنیں گے اور بشری بی بی سے شادی کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا یہ باتیں پاگل پن ہیں کہ شادی کرو اور وزیراعظم بن جاؤ۔ حضرت خالد بن ولید کی جنگ کے دوران شادی کی مثال دیتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ان کی شادی کا عوام سے کوئی تعلق نہیں۔

دوسری جانب شادی سے پہلے بشریٰ بی بی کی طلاق کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی کسی کا گھر توڑ کر اپنا گھر بساتا ہے تو وہ خوش نہیں رہتا جبکہ بشریٰ کی طلاق کا ان سے کوئی تعلق نہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بشریٰ نے پوری زندگی عبادت میں گزاری ہے اور حجاب کیا ہے وہ نہ تو سیاست کریں گی اور نہ ہی انٹرویو دیں گی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ ان کے دوست وغیرہ شادی کے بعد پارٹیوں میں بلا رہے ہیں مگر بشریٰ نہیں جانا چاہتیں۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں