خیبر پختونخوا اسمبلی، شادی بیاہ میں بے جا اخراجات اور نمائشی تقاریب سے متعلق بل منظور

خیبر پختونخوا اسمبلی، شادی بیاہ میں بے جا اخراجات اور نمائشی تقاریب سے متعلق بل منظور

پشاور: خیبر پختونخوا اسمبلی میں شادی بیاہ میں بے جا اخراجات اور نمائشی تقاریب سے متعلق بل منظور کر لیا گیا۔  ڈپٹی اسپیکر مہر تاج روغانی کی زیر صدارت خیبرپختونخوا اسمبلی کے اجلاس میں شادی بیاہ کے تقاریب سے متعلق بل منظور کیا گیا جسے جماعت اسلامی کی رکن راشدہ رفعت نے پیش کیا۔

نئے قانون کے تحت شادی کے کھانوں میں سالن، چاول، روٹی اور سویٹ ڈش شامل ہو گی جبکہ منگنی، مہندی اور نکاح میں مہمانوں کو صرف مشروبات پیش کیے جا سکیں گے۔

بل کے تحت شادی کی تقاریب میں لاؤڈ اسپیکر صرف چار دیواری کے اندر استعمال ہو گا اور گھروں، گلیوں کو سجانے اور برقی قمقموں سمیت آتش بازی اور فائرنگ پر بھی پابندی ہو گی۔

نئے قانون کے تحت دلہن کو والدین یا خاندان کی جانب سے دیئے جانے والے تحائف کی مالیت ایک لاکھ روپے سے زائد نہیں ہو گی جبکہ رات 11 بجے کے بعد شادی کی تقریب کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔

بل کے مطابق قانون کی خلاف ورزی پر 2 لاکھ روپے جرمانہ اور 3 ماہ قید یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں جبکہ جہیز کا مطالبہ کرنے پر 3 لاکھ روپے جرمانہ اور 2 ماہ قید یا دونوں سزائیں ہو سکیں گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں