سپریم کورٹ نے شریف خاندان کی بند شوگر ملیں کھولنے کا حکم دیدیا

سپریم کورٹ نے شریف خاندان کی بند شوگر ملیں کھولنے کا حکم دیدیا

’’نیو نیوز تازہ ترین‘‘

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے شریف خاندان کی تین بند شوگر ملیں کھولنے کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے گنے کی خریداری سے متعلق کاشتکاروں کی درخواست کے کیس کی سماعت کی۔جہانگیر ترین کی شوگر مل جے ڈی ڈبلیو کے وکیل اعتزاز احسن نے کہا کہ عدالت ملوں کو کھولتی ہے تو بند کرنے کی تاریخ بھی مقرر کر دے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ملوں کو بند کرنے کی تاریخ ہم مقرر کریں؟ہم تو کسانوں کے مفاد میں ملز کھول رہے ہیں، جہانگیر ترین کی ڈکٹیشن پر ملوں کو بند نہیں کریں گے، ہر ماہ اس کیس کی سماعت کریں گے، کھلنے والی ملیں اپنے اکاﺅنٹس کی تفصیل بھی فراہم کریں، کسانوں کو نقصان نہیں ہونا چاہیے۔

اعتزاز احسن نے کہا کہ گنے کی کرشنگ اپریل کے بعد بھی کرتے رہیں گے، گنے کاوزن شوگرمل کے اندر ہی ہوسکتاہے، جنوبی پنجاب میں وزن کرنے والے کانٹے نہیں، جس کاریٹ آئے گا اس سے گنا خریدا جائے گا۔

کسانوں کے وکیل نے کہا کہ ہمیں 160 روپے ریٹ دے دیں اور شوگر ملیں پک اپ پوائنٹ سے گنا خریدیں۔چیف جسٹس نے حکم دیا کہ شوگر ملیں کمشنر کے مختص کردہ پوائنٹ سے گنا اٹھائیں گی، کسان کی ٹرالی جتنے دن شوگرمل کے باہرکھڑی رہے گی، خرچہ شوگر مل برداشت کرے گی۔

جسٹس عمرعطاءبندیال نے کہا کہ شوگر ملوں نے پک اپ پوائنٹس سے گنا خریدنے اور رقم اداکرنے کی یقین دہانی کروائی ہے، ان معاملات میں ہتھوڑے کاسہارانہیں لے سکتے، شوگرملوں نے کسان کے ساتھ قابل عمل حل نکالناہے، پورے صوبے میں کوئی مل رقم نہیں دے رہی، شوگرمل والے یہ بتائیں کیاریٹ دیں گے؟۔

سپریم کورٹ کی جانب سے شریف خاندان کی اتفاق، حسیب وقاص اور چوہدری شوگر مل کھولنے کا حکم دیا گیا ہے جب کہ عدالت نے ساتھ ہی تینوں ملوں کو اپنے اکاﺅنٹس کی تفصیلات ہر ماہ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔