پی ایس ایل 4 :پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 44 رنز سے شکست دیدی

پی ایس ایل 4 :پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 44 رنز سے شکست دیدی
کیپشن: تصویر ٹوئٹر

شارجہ:پاکستان سپر لیگ سیزن 4 میں دھوا ں دار مقابلے جاری ہیں اور پشاور زلمی نے کراچی کنگز کی 44 رنز سے بساط لپیٹ دی۔

تفصیلات کے مطابق شارجہ میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کا 154 رنزکا ہدف کراچی کنگز کے لیے پہاڑ ثابت ہوا،زلمی کے باﺅلرز نے ابتدا سے ہی حریف بلے بازوں پر دباؤ بنائے رکھا جس کے نتیجے میں کنگز کے بیٹسمینوں کے ہاتھ پاؤں پھول گئے۔

کراچی کنگز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر صرف 109 رنز ہی بنا سکی، پشاور زلمی کی طرح کنگز کے 4 پلیئرز بھی صفر پر آؤٹ ہوئے، محمد رضوان نے سب سے زیادہ 32 رنز بنائے جب کہ عماد وسیم نے 26 رنز کی باری کھیلی۔بابر اعظم ایک،ڈرنک 12،انگرم 21،سکندر رضا 14، عامر یامین، محمد عامر اور عمر خان صفر پر آؤٹ ہوئے، عثمان شنواری ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

e83946492e2286e60adc794f3d5b8ec1

پشاور زلمی کی جانب سے حسن علی نے شاندار باﺅلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پولارڈ، وہاب ریاض اور عمید آصف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔قبل ازیں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیتا اور فیلڈنگ کو ترجیح دیتے ہوئے پشاور زلمی کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی، کنگز کے باﺅلر زکی نپی تلی باﺅلنگ کی بدولت پشاور زلمی کے بیٹسمین کھل کر شاٹس نہ کھیل سکے اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنوانے کے سبب مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 153 رنز ہی بنا سکے۔

اوپنر امام الحق 56 اور ڈاؤسن 43 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ کامران اکمل صفر، عمر امین 15، میڈسن، پولارڈ صفر اور وہاب ریاض بھی صفر پر پویلین لوٹے، کپتان ڈیرن سیمی 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

کراچی کنگز کی جانب سے سکندر رضا اور عثمان شنواری نے 2،2 جب کہ محمد عامر، عامر یامین اور عماد وسیم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس میچ کی کامیابی کے بعد پشاور زلمی نے ایونٹ میں دوسری کامیابی سمیٹی ہے جب کہ کراچی کنگز اب تک ایک میچ جیت سکی ہے اور اسے 2 میچوں میں ناکامی کا سامنا رہا ہے۔