اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل)میں ڈالنے کی منظوری دیدی۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں مختلف معاملات کی منظوری دی گئی۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ وفاقی کابینہ نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دے دی ہے۔چند روز قبل نیب نے آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق کیس میں شہباز شریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے اظہر حمید کو چیئرمین ای او بی آئی تعینات کرنے کی بھی منظوری دیدی۔ذرائع کے مطابق کابینہ نے ہارون حسین اینڈ کمپنی کو نادرا اکاونٹس کے آڈٹ کی ذمہ داری سونپنے کی منظوری بھی دی۔
جسٹس شاہد کریم کو خصوصی عدالت کا جج جب کہ جسٹس طاہرہ صفدر کو خصوصی عدالت کا صدر مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔وفاقی کابینہ نے مختلف ملکوں کے ساتھ ویزا پروسس میں نرمی اور فیس میں کمی کی منظوری بھی دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے ملک بھر میں ملاوٹ شدہ دودھ کی روک تھام کیلئے بھرپور کارروائیوں کی منظوری بھی دیدی ،اجلا س میں13 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے کابینہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں پر اعتماد میں لیا۔
وفاقی کابینہ نے قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کی توثیق کر دی جبکہ وزیراعظم کے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کے فیصلے کو سراہا۔ذرائع کے مطابق کابینہ ارکان کو سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کے حوالے سے بھی بریف کیا گیا جبکہ کابینہ نے ولی عہد کے کامیاب دورے پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے مسلح افواج کوبھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دینے کا اختیار دے دیا۔