لاہور : وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں صحت کارڈز منصوبے کا افتتاح کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ، وزیراعظم عمران خان نے راجن پور میں صحت کارڈ کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے ہم نظریہ پاکستان سے دور ہوگئے ہیں، ہمیں ملک کو مدینے کی ریاست کے اصولوں پر کھڑا کرنا ہو گا ، اگر اس نظریہ پر قائم نہ رہا تو ملک ختم ہوجائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری اداروں کا سب سے بڑا مسئلہ سزا و جزا کا نظام ہے، اس نظام کے قائم ہونے تک کوئی ادارہ ٹھیک نہیں ہوگا، پورا شریف خاندان علاج کے لیے بیرون ملک جاتا ہے، نبی ﷺ نے کہا کہ امیر اور غریب کےلیے الگ الگ قانون سے قومیں تباہ ہوتی ہیں ملک میں طاقت ور کے لیے الگ اور کمزور کے لیے الگ قانون ہے۔
عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان نے لندن میں محلات تسلیم کیے لیکن ملکیت کی ایک دستاویز پیش نہ کرسکے، اگر پیش کردیتے تو سارا کیس ختم ہوجاتا ہے، طاقتور اور کمزور کے احتساب کا ایک نظام ہونے سے ہی ملک آگے بڑھے گا۔
انہوں نے اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کی یونین اورٹولہ جمہوریت کے نام پر اپنی چوری بچانے میں لگا ہے، پوری اپوزیشن کو چیلنج کرتا ہوں جتنا مرضی شور کرلو جو چاہو کرلو ایک ایک کا احتساب کرنا ہے۔