سینیٹ الیکشن: تحریک انصاف کے امیدوار سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی مسترد

Senate election: PTI candidate Saifullah Abro's nomination papers rejected
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: سینیٹ الیکشن کیلئے حکمران جماعت پی ٹی آئی کے امیدوار سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ سیف اللہ ابڑو سندھ سے تحریک انصاف کے امیدوار تھے۔

پی ٹی آئی کے امیدوار سیف اللہ ابڑو کیخلاف الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کی درخواست غلام مصطفیٰ میمن کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔

الیکشن ٹربیونل کو جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ سیف اللہ ابڑو سینیٹ انتخابات کیلئے ٹیکنوکریٹس کی سیٹ کیلئے حقدار نہیں ہیں۔

خیال رہے کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے صوبہ سندھ سے فیصل واوڈا کو جنرل نشست جبکہ سیف اللہ ابڑو کو ٹیکنوکریٹ نشست پر امیدوار بنایا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن کے ٹربیونل کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ غلام مصطفیٰ میمن کی جانب سے دائر درخواست میں جو الزامات سیف اللہ ابڑو پر لگائے گئے ہیں وہ حقیقت ثابت ہوئے، یہ درست ہے کہ پی ٹی آئی امیدوار سینیٹ انتخابات کے جو معیار قائم کئے گئے ہیں، اس پر کسی طور پورا نہیں اترتے۔

خیال رہے کہ غلام مصطفیٰ میمن کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ سیف اللہ ابڑو نے سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کراتے ہوئے غلط بیانی سے کام لیا اور اپنے اثاثے چھپانے کے مرتکب ہوئے۔

اس کے علاوہ یہ الزام بھی عائد کیا گیا تھا کہ ریٹرننگ افسر نے درخواست گزار کو سنے بغیر ہی پی ٹی آئی کے امیدوار سیف اللہ ابڑو کے کاغذات نامزدگی کو منظور کر لیا تھا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے علاوہ تحریک انصاف کے اپنے ہی لیڈر خرم شیر زمان کی جانب سے سیف اللہ ابڑو کو ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر امیدوار نامزد کرنے پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے قائدین تک پہنچا دیا تھا۔