شوبز میں آیا تو اداکاراؤں نے ہراساں کیا تھا: اداکار اظفر رحمن کا انکشاف

شوبز میں آیا تو اداکاراؤں نے ہراساں کیا تھا: اداکار اظفر رحمن کا انکشاف
کیپشن:   شوبز میں آیا تو اداکاراؤں نے ہراساں کیا تھا: اداکار اظفر رحمن کا انکشاف سورس:   فائل فوٹو

کراچی: معروف اداکار اظفر رحمٰن نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں انہیں متعدد ساتھی اداکاراؤں و شوبز سے تعلق رکھنے والی خواتین نے ہراساں کیا۔ اظفر رحمٰن نے ناشپاتی پرائم کے شو ’بائی دی وے‘ میں بات کرتے ہوئے شوبز انڈسٹری میں ’کاسٹنگ کاؤچ اور ’می ٹو‘ مہم سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی اور بتایا کہ کس طرح انہیں ماضی میں خواتین کی جانب سے ہراساں کیا گیا۔

اظفر رحمٰن نے بتایا کہ ہمیشہ خواتین صحیح نہیں ہوتیں اور کبھی بھی کسی کو ہراساں نہیں کیا جانا چاہیے۔ اداکار نے ملک میں ’می ٹو‘ مہم پر بات کرتے ہوئے مزید کہا کہ کسی کے ساتھ زبردستی کرنا غلط ہے اور زبردستی کی حمایت نہیں کی جا سکتی، البتہ رضامندی کے ساتھ کچھ بھی کیا جا سکتا ہے۔

اظفر رحمٰن کے مطابق اگر دو افراد کوئی بھی کام باہمی رضامندی سے کرتے ہیں یا پھر کچھ لو اور کچھ دو کی بنیاد پر کرتے ہیں تو ٹھیک ہے، ورنہ کسی کو کسی کے ساتھ زبردستی کرنے کی اجازت نہیں اور ایسے عمل کی حمایت بھی نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی کے خلاف سوشل میڈیا پر الزام تراشی کرنے میں جلد بازی نہیں کی جانی چاہیے، جب کسی کے خلاف شواہد موجود ہوں تو بات کی جا سکتی ہے۔اظفر رحمٰن کا کہنا تھا کہ ’می ٹو مہم‘ ایک حساس مسئلہ ہے اور وہ کسی ایسے عمل کی توثیق نہیں کرتے جس میں کسی کو ہراساں کیا جاتا ہو، وہ مکمل طور پر ’می ٹو‘ مہم کی حمایت کرتے ہیں۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ ماضی میں انہیں بھی متعدد ساتھی خواتین نے ہراساں کیا مگر وہ ان کا نام نہیں لینا چاہتے۔ایک سوال کے جواب میں اظفر رحمٰن کا کہنا تھا کہ شوبز میں سالوں سے ’کاسٹنگ کاؤچ‘ (یعنی کام کے بدلے جنسی خواہشات کی تکمیل) چلتی آ رہی ہیں اور چلتی رہیں گی مگر یہ غلط ہے اور ایسا نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے اپنے حوالے سے انکشاف کیا کہ جب وہ شوبز انڈسٹری میں آئے تو انہیں بھی پیش کش کی گئی کہ اگر وہ ’فلاں‘ کام کریں گے تو انہیں ’کام‘ ملے گا۔تاہم اداکار نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان سے کس کام کا مطالبہ کیا گیا اور کس نے ان سے مطالبہ کیا تھا؟

ایک سوال کے جواب میں اظفر رحمٰن نے اعتراف کیا کہ ماضی میں انہیں بولی وڈ میں کام کرنے کا جنون تھا اور انہیں آفرز بھی ہوئیں اور انہوں نے بولی وڈ شخصیات کو اپنے اوڈیشنز بھی بھیجے مگر انہیں کام نہیں ملا۔اظفر رحمٰن نے بتایا کہ اگر انہیں کبھی فلم بنانے کا موقع ملا تو وہ فواد خان اور مہوش حیات کو ایک ساتھ کاسٹ کریں گے۔

انہوں نے مہوش حیات کو سب سے خوبصورت اداکارہ اور فواد خان کو سب سے بہترین اداکار بھی قرار دیا۔ایک سوال کے جواب میں اظفر رحمٰن نے بتایا کہ کچھ سال قبل جب وہ عائشہ عمر کے ساتھ کراچی سے حیدرآباد جا رہے تھے تو ان کی کار کا ایکسینڈٹ ہوگیا تھا اور اس حادثے نے ان کی زندگی بدل دی مگر میڈیا اور بلاگرز نے ان کے لیے غلط باتیں لکھیں کہ عائشہ عمر نشہ پی کر ڈرائیونگ کر رہی تھیں جب کہ کار کو ڈرائیور چلا رہا تھا۔

ایک اور سوال کے جواب میں اظفر رحمٰن نے انکشاف کیا کہ ان کے ہاں جلد بچے کی پیدائش ہونے والی ہے اور وہ کچھ ہی عرصے میں ایک ویب سیریز اور فلم میں بطور ہیرو ایکشن میں دکھائی دیں گے۔اظفر رحمٰن کا کہنا تھا کہ اگر انہیں موقع ملے تو وہ اداکارہ میرا کا فون چرالیں گے جب کہ ریما سے وہ خوبصورتی کا راز اور صائمہ سے اداکاری میں مہارت کا راز پوچھیں گے۔